قصبہ سرہانڈی میں نوجوان کو حبس بے جا رکھنے، اس سے نقدی، شناختی کارڈ اور قیمتی کاغذات چھیننے پر12 مسلح افرادکیخلاف مقدمہ درج

جمعرات 10 اگست 2017 18:17

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) قصبہ سرہانڈی تھانہ چوآسیدنشاہ کے علاقے میں 12 مسلح افراد نے ایک نوجوان کو دو گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھنے کے بعد اس سے نقدی، شناختی کارڈ اور قیمتی کاغذات بھی چھین لیے۔

(جاری ہے)

فیضان احمد ولد جہان خان نے پولیس کو بتایا کہ اسے مائن پر کام کے سلسلے میں ٹریکٹر کی ضرورت تھے جس کیلئے وہ موضع ڈھوک گجر گیا جب محمد سلیمان کے گھر کے پاس سے گزرا تو محمد سلیمان ، مجیب ولد سلیمان ،عاشق بلال، صابر حسین، محمد اکبر، محمدارشدپسران عاشق حسین، محمد ظہیر ولد خوشی محمد، اشفاق حسین ولد محمد ریاض، محمد نذیر ولد محمد جنید پسران عارف ، شہزاد حسین ولد نور الہٰی، محمد امیر ولد شریف نے اس کا زبردستی موٹر سائیکل روک کر اسے اتار لیا اور کہنے لگے کے الیکشن میں مخالفت کر کے گائوں کی گلیوں میں موٹر سائیکل پر گھومتے ہو اس کے علاوہ عدنان نامی لڑکے کو بھی پکڑ کر لے آئے اور کمرے میں بند کر کے مارنا شروع کر دیا۔

اسے دو گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا اور اس کی جیب سے نقدی اور قیمتی کاغذات بھی قبضے میں لے لیے۔ سب انسپکٹر محمد سجاول نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔