بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور فپواسا کا’’اعلیٰ تعلیم اور معاشرے میں اساتذہ کی خدمات ‘‘کے موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق

جمعرات 10 اگست 2017 18:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز سٹاف ایسوسی ایشن(فپواسا) نے باہمی تعاون سے ’’اعلیٰ تعلیم اور معاشرے میں اساتذہ کی خدمات ‘‘کے موضوع پر اسلامی یونیورسٹی میںکانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ اس بات پر اتفاق جمعرات کے روز ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور فپواسا کے 4 رکنی وفد کے درمیان اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں طرف سے اس بات پربھی اتفاق ہوا کہ کانفرنس 5 اکتوبر کو اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی جائے گی جس میں تدریسی آزادی ،تحقیق ، 18 ویں ترمیم کے بعد کی صورتحال اور اعلیٰ تعلیم جیسے موضوعات پر بحث کی جائے گی جبکہ اس ضمن میں اساتذہ برادری کی طرف سے فپواسا مقررین فراہم کرے گی جبکہ بطورمیزبان اسلامی یونیورسٹی اس کانفرنس میں جامعات کے وائس چانسلرز، ایچ ای سی کے اعلیٰ عہدیداروں اورمقننہ کے اداروں کو مدعو کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کا کہنا تھا کہ یہ ایک با معنی اور تعمیری سرگرمی ہو گی جس میں جامعات کے سربراہان ، نامور مدرسین اور قانون ساز مدعو ہوں گے جو کہ شعبہ تعلیم کی مضبوطی اور اس میں بہتری لانے کی پالیسیوں کے وضع کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات و تجربات کا تبادلہ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہترین اذہان کو ایسے فورمز پر بلانا اور ایسا ہی سازگار تعلیمی ماحول طلباء و طالبات کو بھی مہیا کرنا جامعہ کی اولین ترجیح ہے۔

اراکین وفد نے جامعہ کی خدمات کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والی کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ اراکین وفد میں فپواسا کے صدر ڈاکٹر کلیم اللہ ، ڈاکٹر شکیل فاروقی، ڈاکٹر اظہر علی شاہ اور محمد قاسم کاسی شریک تھے جبکہ جامعہ کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے اراکین نے بھی ملاقات میںشرکت کی۔

متعلقہ عنوان :