ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام شندورمیں صفائی مہم کاانعقاد

دوروزہ صفائی مہم میں 50کے قریب ورکرز کی شرکت،2کلومیٹر سے زائد علاقہ کی صفائی مکمل کی گئی، شندور پولو فیسٹیول میں لاکھوں کی تعداد میں ملکی و بین الاقوامی سیاحوں نے شرکت کی

بدھ 9 اگست 2017 20:55

ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام شندورمیں صفائی مہم کاانعقاد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2017ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے شندور پولو فیسٹیول کے اختتام پر علاقہ کی صفائی اورخوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی جنرل منیجر ٹورازم انفارمیشن سنٹر محمد علی سید، ناظم اپر چترال زلفی ہنرشاہ نے کی، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون اور مقامی این جی او سیڈکوکے زیرنگرانی شندور میں 2کلومیٹر سے طویل علاقہ کی صفائی مہم ہوئی جس میں 50کے قریب ورکرز نے شرکت کی ، دو روز تک مشتمل صفائی مہم میں شندور پولو فیسٹیول کے دورا ن اور بعد میں پھیلائی جانے والی گندگی کو ٹھکانے لگایا گیا ، تاہم شندور پولو فیسٹیول کے دوران بھی ان صفائی مہم کے اہلکاروں نے سیاحوں اور شندور کا رخ کرنے والے چترال اور گلگت بلتستان کے رہائشیوں میں آگاہی مہم چلائی کہ کوڑا کرکٹ کی روک تھام کیلئے اسے مناسب جگہ پر ٹھکانے لگائیں،اس کا مقصدشندورکے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کو قائم و دائم رکھنا ہے تاکہ اس کی خوبصورتی پر برااثر نہ پڑے اور ماحول صاف ستھرا رہے ، واضح رہے کہ عیدالفطر کے بعد سے صوبہ کے مختلف سیاحتی مقامات کی جانب لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کے رخ کرنے کے بعد سیاحتی مقامات پر کوڑا کرکٹ اور گندگی کے پھیلنے کی شکایات موصول ہوئیں تھی جس پر ٹورازم کارپوریشن نے ان سیاحتی مقامات کی صفائی کیلئے مختلف مقامات پر صفائی مہم کا آغاز کیا اور ایبٹ آباد میں ہرنوئی ، نتھیاگلی، مانسہرہ اور چترال میں شندور کے مقام پر صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا ، جس کا مقصد صوبہ کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کو بحال رکھنے کیساتھ ساتھ سیاحوں میں اس بات کی آگاہی بھی پیدا کرنا ہے کہ سیاحتی مقامات پر کوڑا کرکٹ اور گندگی کو نہ پھینکا جائے بلکہ ایک جگہ پرٹھکانے لگایا جائے تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سیاح ایک اچھا تاثر لیکر واپس جائیں، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا ، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال اور ضلعی حکومت کے تعاون سے شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں ملکی و بین الاقوامی سیاحوں نے شندور کا رخ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :