قومی اسمبلی اجلاس میں کالا باغ ڈیم کی مخالفت اور حق میں بحث ، پیپلز پارٹی کا شدید احتجاج

کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں ، جاوید علی شاہ کالا باغ ڈیم کے مردے گھوڑے کو زندہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے،ملک کے تین صوبے اس کو مسترد کرچکے ، اراکین پیپلز پارٹی اراکین اسمبلی نے ملک میں شناختی کارڈ کے حوالے سے درپیش مشکلات حل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا ، اجلاس آج صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی

منگل 8 اگست 2017 18:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2017ء) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پانی جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں جس پر پیپلز پارٹی کے اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مردے گھوڑے کو زندہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے انہوں نے کہا کہ ملک کے تین صوبے اس کو مسترد کرچکے ہیں اراکین اسمبلی نے ملک میں شناختی کارڈ کے حوالے سے درپیش مشکلات حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پاٹری کے رکن اسمبلی نواب یوسف تالپور نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تربیلا ڈیم میں پانی بہت کم ذخیرہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سندھ کو اس کے حصہ سے بہت کم پانی دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر متعلقہ حکام سے بھی بات چیت کی ہے اس کا نوٹس لیا جائے ۔

(جاری ہے)

شیخ صلاح الدین نے نکتہ اعتراض ضر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نادرا کی جانب سے ضلع کی سطح پر ایک میگا سنٹر بنایا گیا جبکہ چھوٹے سنٹرز بند کردیئے گئے جس کی وجہ سے میگا سنٹرز پر عوام کا رش بڑھ گیا ہے انہوں نے چیئرمین نادرا سے درخواست کی کہ کراچی میں بنائے گئے تمام چھوٹے سنٹرز دوبارہ شروع کئے جائیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں نادرا میگا سنٹر پر بہت زیادہ رش ہونے کی وجہ سے بے بنیاد مسائل کاسامنا ہے اور محض چہروں کو دیکھ کرشناختی کارڈ مسترد کردیئے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی جس کی آبادی ایشیا کے شہروں سے سب سے زیادہ ہے وہاں پر میگا سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیاجائے وفاقی وزیر پانی و بجلی جاوید علی شاہ نے کہا کہ تربیلا ڈیم پر پانی کی سٹوریج کا معاملہ پہلی بار سامنے آیا ہے اس کی تحقیقات کرینگے اور معاملے اگلے اجلاس میں سامنے لائینگے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کو پسند نا پسند پر نہیں بلکہ مشاورت ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ اگر ہم لوگوں کو قائل کرلیا تو کالا باغ ڈیم ضرور بنے گا انہوں نے کہا کہ محض ذاتی پسند و ناپسند کالا باغ ڈیم کو مسترد کرنا ملکی دشمنی کے مترادف ہے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے اسلام آباد میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے نیشنل ہیومن کمیشن کے اساتذہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کررہے ہیں مگر کوئی ان کو نہیں سن رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت تعلیم کی جانب توجہ دیتی تو اتنے سینئر اساتذہ سڑکوں پر ذلیل نہ ہوتے انہوں نے کہا کہ اساتذہ ایسے علاقوں میں پریڈ لیتے تھے جہاں کوئی حکومتی سکول نہیں ہے ۔

رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک مردہ مسئلہ ہے اس کو ملک کے تین صوبے مسترد کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک ڈکٹیٹر حکمران نے بھی کالا باغ ڈیم کے مسئلے کو زندہ کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کو تعصب کا مسئلہ نہ بنایا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ ہائوس اور پارلیمنٹ لاجز میں مستقبل ڈاکٹر تعینات کیاجائے اے این پی کے رکن اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ شناختی کارڈ کے مسائل پر عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مسئلے کودوبارہ نہ چھیڑا جائے کیونکہ صوبے اس کو مسترد کرچکے ہیں رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا نے لاہور میں ہونے والے بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں ہے ملکی مسائل کی جانب توجہ دینا ہوگی انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے پر وزیر داخلہ کو پارلیمنٹ ہائوس کو آگاہ کرنا چاہیے تھا انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال پر سیاست سے بالاتر ہوکر بات کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل پر توجہ دینا ہوگی ملک کو پانی کے جس بحران کا سامنا ہے اس کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے انہوں نے بھارت کی جانب سے بنائے جانے والے کشن گنگا ڈیم پر حکومت پاکستان کے موقف اور اس پر عالمی عدالت انصاف میں کئے جانے والے اقدامات سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہمیں گندی سیاست کو خیر باد کہہ کرمثبت سیاست کو اپنانا ہوگا رکن اسمبلی شیر اکبر نے کہا کہ ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کو محض ایک یا دو ماہ کا ویزہ دینے کی بجائے ملٹی پل ویزہ جاری ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ویزہ پالیسی کو فراخ دل بنانے کیلئے مزید سخت کردیا ہے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا سمیت دیگر ممالک کی شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کو پاکستان آمد پر سہولیات فراہم کی جائیں رکن اسمبلی رانا محمد حیات نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مسئلے پر مشاورت کی جاسکتی ہے ڈیم پاکستان کی زندگی ہے رکن اسمبلی سرور خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں ہمارے حلقوں میں کوئی ترقیاتی منصوبے شروع نہیں کئے ہیں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق تمام شہری برابر حقوق کے حامل ہیں مگر بجلی کا محکمہ آئین کی خلاف ورزی کرنے دیہاتی علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ کرنی ہے اورشہروں میں کم لوڈ شیڈنگ کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت محض اپوزیشن کوووٹ دینے کی پاداش میں نظر انداز کررہی ہے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کو کرپشن کی بنیاد پر نااہل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف قومی مجرم ہیں رکن اسمبلی پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ اگر کالا باغ ڈیم بناہوتا تو آج کراچی مپں پانی کی صورتحال گھمبیر نہ ہوتی ملک سے بجلی کا مسئلہ ختم ہوجاتا انہوں نے کہا کہ محض پنجاب کی دشمنی کی وجہ سے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کی جارہی ہے رکن اسمبلی کیپٹن صفدر نے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف کو ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کی سزا دی جارہی ہے فاٹا سے رکن اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے فاٹا کے مسائل پر کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی ہے موجودہ حکومت نے ایک اچھا اقدام کیا اور فاٹا اصلاحات لاکر کابینہ سے منظور کرائی مگر پانچ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے معاملہ تعطل کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ جب تک فاٹا اصلاحات پرعمل نہیں کیاجاتا اس وقت تک اقتصادی راہداری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ غداری کے مترادف ہے صرف اس اہم مسئلے کو التواء میں ڈالنے کی سازش ہے گزشتہ ستر سالوں سے قبائلیوں کو لوٹنے والے آج قبائلیوں کے نمائندے بن کر سامنے آنے کی کوشش کررہے ہیں ان کا قبائلی عوام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ جب تک ہمیں اپنا حق نہیں دیا جاتا اس وقت تک ہم کسی کو بھی کام کرے نہیں دینگے انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کراتے تو آج لاکھوں قبائلی اس کے ساتھ ہوتے ۔

رکن اسمبلی ایاز سومرو نے کہا کہ دو سال قبل محکمہ واپڈا کو ہدایات دی گئی ہیں کہ لاڑکانہ میں عوام کو درپیش مسائل حل کئے جائیں مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مسئلے کونہ چھیڑا جائے ملک کے تین صوبے اس کومسترد کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی تو وہ ہماری لاشوں پر بھی بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ میریخلاف سازشیں ہورہی ہیں اس ایوان کو بتایا جائے کہ یہ سازشیں کون کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا نواز شریف کے سر نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو کے سر ہے جنہوں نے ایٹمی پروگرام کا آغاز کیا تھا ۔

ڈاکٹر شازیہ صوبیہ نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی توجہ گزشتہ ایک ماہسے چلنے والے دھرنے کی جانب دلانا چاہتی ہوں نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کے اساتذہ گزشتہ ایک ماہ سے احتجاج کررہے ہیں اس پر توجہ دی جائے رکن اسمبلی عبدالقہار ووان نے کہا کہ ملک میں بلاک شناختی کارڈ کے حوالے سے پارلیمنٹ کی کمیٹی نے بہت زیادہ کام کیا ہے مگر ابھی تک اضلاع میں شناخی کارڈ کے مسئلے پر کمیٹیاں نہیں بنائی گئی ہے اس طرح یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ جو بھی شخص 1978ء سے قبل کا ثبوت کمیٹی کے سامنے پیش کیاجائے تو اس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا مگر اب کمیٹیا ں اس کو تسلیم نہیں کررہی ۔

ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محبوب عالم نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے محبت کی سزا دی جارہی ہے ہمیں بتایا جائے کہ ملک سے وفاداری اور غداری کیا ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب بھی وفاق کو سپورٹ کیا اس دن سے ایم کیو ایم کیخلاف پکڑ دھکڑ شروع ہوجای ہے انہوں نے وفاقی حکوت سے سندھ میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے قومی اسمبلی کااجلاس آج بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا