لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے تیزی سے

اقدامات جاری ہیں، ہماری توجہ پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے، تھرمل پاور وسائل کے استعمال میں کمی کے لئے روڈ میپ تشکیل دیا جائے، تھر کوئلہ کے ذخائر کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے وزیر اعظم محمد شاہد خاقان عباسی کا توانائی کے شعبہ بارے اجلاس سے خطاب

منگل 8 اگست 2017 17:19

لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے تیزی سے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) وزیر اعظم محمد شاہد خاقان عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے تیزی سے اقدامات جاری ہیں اور ہماری توجہ پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیر اعظم آفس میں توانائی کے شعبہ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر انہیں توانائی کے شعبہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وزیر مملکت بجلی عابد شیر علی ، وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری پاور ڈویژن اور سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن نے وزیر اعظم کو توانائی کے منصوبہ جات اور لوڈ مینجمنٹ پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے وزارتوں میں کام کی مناسب تقسیم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آبی تحفظ پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے اہمیت کا حامل معاملہ ہے، آبی وسائل کے بہتر انتظام اور اس سے متعلقہ مسائل سے نمٹنے کے لئے آبی وسائل کی ایک الگ وزارت ضروری تھی۔

(جاری ہے)

توانائی کی نئی وزارت کی تشکیل کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہاکہ پٹرولیم اور بجلی کے شعبے کے درمیان فائر وال دور کرنا ضروری تھا جو بصورت دیگر پاکستان میں توانائی کے تحفظ کے مشترکہ مقصد سے منسلک ہیں۔ وزیر اعظم نے پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تھرمل پاور وسائل کے استعمال میں کمی کے لئے روڈ میپ تشکیل دیا جائے اور اس کی بجائے توانائی کی پیداوار کے لئے قدرتی گیس اور ملکی کوئلہ پر توجہ مرکوز کی جائے ۔

انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وسائل کے متوازن استعمال کے لئے کوشاں ہے۔ تھر کوئلہ کے ذخائر کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایاجائے تاکہ صارفین کو ارزاں توانائی فراہم ہو۔ وزیر اعظم نے آبی وسائل ڈویژن کو ہدایت کی کہ آبی ذخیرہ کے منصوبہ جات کے لئے منصوبہ بندی پر کام تیز کیا جائے۔