نوابشاہ، مسافر بس کی رکشہ کو ٹکر، 5افراد جاں بحق،

3زخمی جاں بحق و زخمی ہونیوالوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ کے بعد ڈرائیور کوچ سمیت فرار ہوگیا

منگل 8 اگست 2017 17:13

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2017ء) نواب شاہ میں مسافر بس کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو تعلقہ اسپتال قاضی احمد منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ قاضی احمد کے مقام پر تیز رفتار کوچ نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

بد قسمت رکشہ میں سوار افراد روزہ مرہ کے کاموں کے سلسلے میں اپنے گاں پنجو سولنگی سے قاضی احمد آرہے تھے جیسے ہی موٹر سائیکل رکشہ قاضی احمد کے قریب پہنچا پنجاب سے کراچی جانے والی تیز رفتار کوچ نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار دو خواتین دو بچوں سمیت پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو تعلقہ ہسپتال قاضی احمد لایا گیا۔

حادثہ کے بعد ڈرائیو ر کوچ سمیت فرار ہوگیا۔ تا ہم موٹر وے پولیس نے اطلاع ملنے پر سکرنڈ کے قریب کوچ اور ڈرائیور کو قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔