ڈی سی مانسہرہ کی زیرصدارت نیو بالاکوٹ سٹی کیلئے قائم کردہ 11 رکنی کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس

اجلاس میں دو ماہ میں متاثرین ریڈ زون بالاکوٹ گرلاٹ کو 3600 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ

منگل 8 اگست 2017 14:34

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) صوبائی حکومت کی جانب سے نیو بالاکوٹ سٹی کیلئے قائم کردہ 11 رکنی کمیٹی نے ڈی سی مانسہرہ کی زیر صدارت پہلے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں دو ماہ میں متاثرین ریڈ زون بالاکوٹ گرلاٹ کو 3600 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے فوکل پرسن مظہر علی قاسم سمیت معززین بالاکوٹ نے شرکت کر کے 14 اگست کو ہونے والے دھرنے کو فوری طور پر موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر اور پلاٹوں کا کام تیز کرنے کے حوالہ سے صوبائی حکومت کی طرف سے قائم کردہ 11 رکنی کمیٹی نے ڈی سی آفس میں ڈی سی مانسہرہ شاہ رخ خان سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں سید مظہر علی قاسم، سٹی ناظم گرلاٹ محمد ریاض، سٹی ناظم بالاکوٹ اسد قذافی، نائب ناظم حیدر علی خان، ناظم نڑاہ حاجی نور حسین، امتیاز حسین، بابو ایاز خان، راجہ ظہیر، آرگنائزر تحریک انصاف وارث علی خان، صفدر حسین، بابو بشیر، سیٹھ مطیع الله، صدر انجمن تاجران جاوید اقبال، سابق امیدوار یوتھ کونسلر تیمور فدا اعوان، میاں محمد اشرف، فاروق لغمانی، اسسٹنٹ کمشنر محمد فیاض، سینئر صحافی اظہر علی اعوان، خورشید زمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی سی مانسہرہ شاہ رخ خان نے پہلی باضابطہ میٹنگ میں کمیٹی کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ہونے والی میٹنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ نیو بالاکوٹ میں بکریال کے متاثرین کو چار سو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ چھ ہفتوں تک متاثرین ریڈ زون بالاکوٹ کو 3600 پلاٹوں کی الاٹمنٹ جبکہ بکریال کے عوام کو کل 700 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی سی مانسہرہ نے نیو بالاکوٹ سٹی کیلئے فوکل پرسن مظہر علی قاسم کی کاوشوں سے متعلق بھی آگاہ کیا، 11 رکنی کمیٹی میں مزید لوگوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس نے الاٹمنٹ پر اتفاق کیا اور 14 اگست کو دھرنا مؤخر کرنے کا فوری اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :