لاہور ، گورنر پنجاب کی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات

نواز شریف کی قیادت میں ملک نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام نہ صرف بلند کیا ہے، محمد رفیق رجوانہ

پیر 7 اگست 2017 19:49

لاہور ، گورنر پنجاب کی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، باہمی دلچسپی کے امور اور اہم ملکی و قومی معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام نہ صرف بلند کیا ہے بلکہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کی ایسی مضبوط بنیاد رکھی ہے کہ جس کی نظیر نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے دہشت گردی ، انتہاپسندی، ناخواندگی اور معاشرتی نا انصافی جیسی برائیوں کے خاتمے اور ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم کرنے کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ آنے والی نسلوں کے دلوں اور ذہنوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ملاقات میں ملتان سے مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور گورنر پنجاب کے صاحبزادے آصف رجوانہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گور نر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی خیریت بھی دریافت کی جو حال ہی میں دل کا کامیا ب آپریشن کرواکر وطن واپس آئے ہیں۔