پاکستان ریئل اسٹیٹ اینڈانوسٹمنٹ ایکسپو کا انعقاد 22تا 23ستمبر شارجہ میں ہوگا

پیر 7 اگست 2017 20:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) جنوبی ایشیا و مشرقِ وسطٰی کی کلیدی تجارتی نمائش -"ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو (رائپ) برائے 2017 "کا انعقاد مورخہ 22تا 23ستمبر شارجہ ، متحدہ عرب امارات میں ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے سے منسلک ملک کی نامور کمپنیاں، تعمیراتی ادارے، رہائشی و تجارتی املاک کی خریدو فروخت سے متعلق ملکی و غیر ملکی اداروں سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایک بڑے تعداد شرکت کرے گی ۔

متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کے نامور تجارتی و کاروباری مرکز شارجہ ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کے ریئل اسٹیٹ ادارے اور ایجنسیز خصوصی اسٹالز و نمائشی ماڈلز کی بدولت اپنے پروجیکٹس کو بین الاقوامی سطح پر منظرِ عام پر لائیں گی اور مشرقِ وسطٰی وخلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں و عالمی تجارتی اداروں کو پاکستان جیسی ابھرتی ہوئی معیشت میں پہناں سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقعوں سے روشناس کرائیں گی۔

(جاری ہے)

ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو برائے 2017میں حصہ لینے والے ممالک میں برطانیہ، ترکی، جاپان، ملائیشیا، مصر و جنوبی افریقہ سمیت تمام خلیجی ریاستیں شامل ہیں ۔ شارجہ جسے عرفِ عام میں -"دوسرا پاکستان"بھی کیا جاتا ہے میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قیام پذیر ہے۔عام رجحان ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت نسبتاً ارزاں طرزِ زندگی کی بناء پر شارجہ میں قیام کو ترجیح دیتی ہے لیکن بسلسلہِ تجارت و روزگار دبئی کا رُخ کرتی ہے اسی وجہ سے ریئل اسٹیٹ کی اس عالمی سطح کی نمائش میں وہ آسانی کے ساتھ شریک ہو کر پیش کردہ تجارتی مواقعوں سے خاطر خواہ استفادہ کرسکتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق 14لاکھ پاکستانی شارجہ میںمختلف کاروباری و تجارتی اغراض اور روزگار سے وابستہ ہیں اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کلیدی کردار ادار کررہے ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں نے رواں سال 2017کی پہلی ششماہی میںدنیا بھر میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں 816 ملین امریکی ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے جس میں مزید اضافہ کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔

ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو-"کا انعقاد ملکی اداروں کے ساتھ ساتھ عالمی تجارتی اداروں و سرمایہ کاروں کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی نمایاں وجہ سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری)کا قیام ہے جو عالمی تجارت میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور موجودہ عالمی اقتصادی شرحِ اور درآمدات و برآمدات کے کُل حجم میں کئی گنا اضافہ کا باعث بننے جارہی ہے۔

شارجہ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش کے روحِ رواں جناب عدنان اقبال کے مطابق نمائش میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں تجارتی وفود، سرمایہ کاروں، حکومتی شخصیات اور عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی شرکت خطے میں مزید تجارتی فروغ کا باعث بنے گی اور خصوصاً پاکستانی ریئل اسٹیٹ اداروں کی ترقی و فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔ کراچی میں جاری چوتھی آباد ایکسپو 2017میں بھی شارجہ ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ریئل اسٹیٹ نمائش سے متعلق ملکی کمپنیوں میں آگاہی و رہنمائی فراہم کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :