پیپلز پارٹی( ورکرز)کا این اے 120کے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان ،ساجدہ میر امیدووار نامزد

�)نے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کیا،موجودہ صورتحال میں سڑکوں پر آکر فیصلے کئے گئے تو سیاسی ، آئینی نظام منہدم ہوکر رہ جائے گا سیاسی جماعتوں کا جمہوری 'نظریاتی ہونا ضروری ہے ،کارکن اپنی جماعتوں میں اصلاحات کی آواز کو بلند کریں ورنہ سیاسی ‘جمہوری نظام ختم ہو جائیگا مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس کے بعد ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی کی دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 7 اگست 2017 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( ورکرز)نے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے ساجدہ میر کو امیدوار نامزد کر دیا ۔ بینظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اور پیپلز پارٹی ( ورکرز)کے مرکزی صدر ڈاکٹر صفدر عباسی کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سردار حر بخاری، ساجدہ میر ،رائے قیصر ،چوہدری اسلم ،نعمان جاوید چوہدری،نور الہی کمبوہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب سمیت آئندہ کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک کی تاریخ میں پہلی بار احتساب کے عمل میں اقتدا رمیں موجود وزیر اعظم کو نا اہل قرار دیا گیا ہے ۔

عدالت عظمی نے نواز شریف کو اثاثے چھپانے پر نا اہل کیا ہے جبکہ کرپشن کے دیگر الزامات پر احتساب عدالت میں کیس چلانے کا فیصلہ سنایا گیا ہے جہاں وہ ثبوت دے کر ان الزامات کو غلط ثابت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور بیانات کے ذریعے اداروں پر وار کئے جارہے ہیں ۔ اگر موجودہ صورتحال میں سڑکوں پر آکر فیصلے کئے گئے تو اس سے سیاسی اور آئینی نظام منہدم ہوکر رہ جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل کوشفاف بنانے کے لئے ضروری ہے کہ پورے ملک میں اسے بلا تفریق آگے بڑھا یا جائے ۔ عدلیہ میں احتساب کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل کو متحرک کیا جائے ،بیورو کریسی اورتمام حکومتی اداروں میں بھی بلا امتیاز احتساب کیا جائے ، جنرل (ر)راحیل شریف نے فوج کے ادارے میں احتساب کے عمل کو آگے بڑھایا اور ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اپنی کمان میں اسی عمل کو جاری رکھیں گے۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا جمہوری او رنظریاتی ہونا ضروری ہے نہ کے ان میں خاندانی وراثتوں کو آگے بڑھایا جائے ، آج بھی سیاسی جماعتوں نے اپنے کارکنوں کو غلام بنایا ہوا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی کارکن اپنی جماعتوں میں اصلاحات کی آواز کو بلند کریں وگرنہ سیاسی اور جمہوری نظام ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120کا حلقہ پی ٹی آئی یا (ن) لیگ کا میراث نہیں کہ کوئی اور یہاں سے انتخاب نہیں لڑ سکتا۔

زرداری لیگ نے پنجاب اور لاہور کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے ،ہم نے بھٹو شہید او ربی بی شہید کے سیاسی فلسفے اور وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے حقیقی سیاسی کارکن کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا اور ساجدہ میر اس حلقے سے پیپلز پارٹی ( ورکرز) اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ امیدوار ہوں گی جو وکٹری کے نشان پرضمنی انتخاب لڑیں گی۔

متعلقہ عنوان :