اے آر وائی نیوز کی سی ای او (کل) پیمرا میں پیش ہو کر جواب داخل کریں گے

پیر 7 اگست 2017 19:37

اے آر وائی نیوز کی سی ای او (کل) پیمرا میں پیش ہو کر جواب داخل کریں گے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) سینئر صحافی شاکر عباسی کی شکایت پراے آر وائی نیوز کی سی ای او (کل) منگل کو پیمرا میں ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر جواب داخل کریں گے ‘شکر عباسی نے ایم این اے عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس کے دوران ٹی وی سکرین پر متعدد بار شکایت گزار کی تصاویردکھانے کے خلاف پیمرا میں شکایت دائر کی تھی ۔

نجی ٹی وی چینل ’نیو ٹی وی‘ کے سٹاف رپورٹر شاکر یونس عباسی کی شکایت پر پیمرا نے ’اے آر وائی‘ نیوز کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے چار روز میں جواب طلب کیا تھا ۔ شکایت گزار کے مطابق ’اے آر وائی نیوز‘ نے یکم اور 2اگست 2017؁ء کو ایم این اے عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس نشر کی اور اس دوران ٹی وی سکرین پر متعدد بار شکایت گزار کی تصاویر بھی دکھائیں ۔

(جاری ہے)

شکایت گزار کے مطابق ٹی وی چینل نے ں مذکورہ رپورٹ میں ٹی وی چینل کی طرف سے شکایت گزار کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا رشتہ دار بتایا گیا جو کہ سراسر جھوٹ ہے۔اپنے اس بے بنیاد اور غیر مصدقہ دعویٰ کی حمایت میں ٹی وی چینل نے شکایت گزار کی ریحام خان کے ساتھ ایک پرانی تصویر بھی دکھائی ہے جو اس چینل کی پیشہ وارانہ جانبداری کا عکاس ہے۔

اِن تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے شکایت گزار نے پیمرا سے مذکورہ غیر مصدقہ ، کردار کشی پر مبنی اورحقائق کے بر عکس رپورٹ چلانے پر اے آر وائی نیوز کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پیمرا نے شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا ہے اور چینل انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ اس کا مذکورہ اقدام پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا 2015؁ء کی متعدد شقوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

اظہار وجوہ میں چینل انتظامیہ کو 8اگست 2017؁ء تک مذکورہ خلاف ورزی پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کی گئی ہے نیز چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی اسی تاریخ کو پیمرا کمیٹی کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا موقف دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدم پیروی کی صورت میں یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :