بلڈنگ کوڈز کی بہتری کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل کا انٹرنیشنل کوڈ کونسل سے معاہدہ

پیر 7 اگست 2017 19:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بلڈنگ کوڈآف پاکستان کو بہتر اور جامع بنانے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے انٹرنیشنل کوڈ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے سے پی ای سی انٹرنیشنل کوڈ کونسل کے مرتب کردہ بین الاقوامی بلڈنگ کوڈ، زوننگ کوڈ اور پرفارمنس کوڈ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان بلڈنگ کوڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر سکے گا۔

انٹرنیشنل کوڈکو نسل کے مرتب کردہ کورڈز اور معیارات جدید تعمیراتی سائنس اور عملی طریقہ کار کی عکاسی کرتے ہیں اور محفوظ، جدید اور مؤثر سٹریکچر بنانے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ کوڈ کونسل اور آئی کے گوش ایسوسی ایٹس ،جو آئی سی سی فیملی میں تازہ ترین اضافہ ہے ، پاکستان کی ماضی میں بلڈنگ کوڈ کو اپڈیٹ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے باخوبی آگاہ ہیں اور سال 2006ء میں نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان لمیٹڈ کو اس ضمن میں مدد فراہم کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی اور پی ای سی کے مابین ہونے والا معاہدہ کوڈ کونسل کے پاکستان گورنمنٹ کے ساتھ بلڈنگ کوڈ کے حوالے سے دیرینہ اور کامیاب تعلقات کا ثمرہے۔ انٹر نیشنل کوڈ کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹر ڈکے پریزیڈنٹ ایم ڈائینی گیرس نے اس موقع پر کہا کہ ہم اس اہم شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں اور یہ معاہدہ دنیا بھر میں مضبوط بلڈنگ کوڈ اور معیارات کے فروغ کے حوالہ سے ہمارے عزم کی غمازی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کئی دیگر ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو اب اپنے بلڈنگ کوڈ کو مضبوط بنانے کیلئے آئی سی سی کے ماڈل کو بنیاد بنا رہے ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈومنک سمز نے کہا کہ کوڈ کونسل عمارات اور کمیونیٹیز کو محفوظ بنانے کیلئے جدید اور اپڈیٹ کوڈز بنانے کے عمل میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور ہمیں اس سے معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ آئی سی سی نے 2006ء میں پاکستان بلڈنگ کوڈ مرتب کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ حال ہی میں آئی سی سی نے پی ای سی کی استدعا پر اسے اپنے کوڈز استعمال کرنے کا لائسنس جاری کیا ہے تاکہ پاکستان بلڈنگ کوڈ کو اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بلڈنگ کوڈ پر نظر ثانی سے 20کروڑ لوگوں کی زندگی کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی جو کہ ایک ایسے خطے میں بستے ہیں جو دنیا کی تین ارضیاتی پرتوں پر واقع ہے۔ کوڈ کونسل نے اسی نوعیت کی شراکت داری کولمبیا، میکسیکو، ترینی ڈاڈ، ٹوبیگو ،متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :