مختلف زونز میں عوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کے حوالہ سے مختلف ٹیمیں تشکیل

پیر 7 اگست 2017 19:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات کی خصوصی ہدایت پر مختلف زونز میں عوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کے حوالہ سے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو عوام اور روڈ یوزرز میں روڈ سیفٹی کا شعور اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کیلئے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق جولائی 2017 کی آخری 15روزہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق موٹروے پولیس کے افسران نے موٹرویز اور ہائی ویز پر 34310روڈ یوزرزکو مدد فراہم کی جبکہ462414روڈ یوزرز کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے خصوصی طور پر بریف کیا گیا جبکہ مختلف زونز میں عوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کے لئے 16جولائی سے 31جولائی 2017ء کی 15 روزہ روڈ سیفٹی مہم کے دوران13 روڈ سیفٹی سیمینارز، 12روڈ سیفٹی ورکشاپس اور 9 روڈ سیفٹی واکس کا انعقاد کیا۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران تمام زونز میں عوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ریڈ یو پروگرامز، روڈ سیفٹی ورکشاپس، روڈ سیفٹی سیمینارز اور روڈ سیفٹی واکس کاباقاعدگی سے اہتمام کر رہی ہے جو عوامی حلقوں میں خصوصی طور پر سراہا جا رہا ہے۔