شہباز شریف منی بائی پاس عوام کیلئے تحفہ ہے،اسسٹنٹ کمشنر بورے والا

پیر 7 اگست 2017 19:18

بوریوالا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رائو محمد تسلیم اختر نے کہا ہے کہ بورے والا شہر میں زیر تعمیر شہباز شریف منی بائی پاس موجودہ حکومت کی طرف سے شہریوں اور عوام کیلئے ایک تحفہ ہے،اس کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ محکمہ مال کے اہلکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تحصیلدار محمد سجاد خان لودھی اور ایس ڈی او انہارچوہدری طارق فاروق بھی موجود تھے،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر سے گزرنے والے راجباہ کے دونوں اطراف وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی گرانٹ سے ون وے سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ، اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں پانچ سو چالیس عمارتوں میں سے 95فیصد تجاوزات ختم ہو چکی ہیں جبکہ پانچ فیصد لوگوں نے عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کر رکھے ہیں ،انہوں نے محکمہ مال کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان بقیہ تجاوزات کو ختم کروانے کیلئے ذمہ داران سے رابطہ کر کے انہیں رضاکارانہ طور پر آمادہ کریں ،دوسری صورت میںقانون کے مطابق گرینڈ اپریشن کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری ماسٹر پلان کے مطابق بائی پاس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل اور اس سلسلہ میں کسی دبائوکو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :