وزیر اعظم کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ میاں زاہد حسین

پیر 7 اگست 2017 19:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سیکریٹری جنرل اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ پیر کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے ممبران سمیت ہر متمول شخص کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ بہت سے افراد شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں مگر ٹیکس ادا نہیں کر رہے جس سے ملک معاشی مشکلات کا شکار رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاملات سدھارنے کی کوشش کی، بہت سے ٹیکس استثناء ختم کئے مگر ٹیکسوں میں اضافہ نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی تنظیم نو کی جائے تاکہ حکومت کے خسارے میں کمی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کا انفرااسٹرکچر اور ہائرایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے، موٹروے اور ریلویز کا جدید نظام لانے سمیت کئی فیصلے کئے ہیں جو لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایل این جی لانا وزیر اعظم کا کارنامہ ہے اور امید ہے کہ ان کی موجودگی میں تمام منصوبے بلا روک ٹوک مکمل ہو جائیں گے جس سے ملک میں توانائی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔