دریائے سندھ کے پشتوں کی نگرانی کیلئے 16فلڈ واچ کیمپ قائم کر دیئے گئے

بھاری مشینری اور بلڈوزرزسے پوری طرح لیس کیمپس چوبیس گھنٹے تونسہ بیراج پرسیلاب کی صورتحال پہ نظر رکھے ہوئے ہیں مظفرگڑھ اور لیہ کے ڈی سی محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کے ہمراہ دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوںکے مسلسل دورے کر رہے ہیں ‘وزیر آبپاشی

پیر 7 اگست 2017 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) صوبائی وزیر آبپاشی کی ہدایت پر تونسہ بیراج کے حفاظتی پشتوں کی نگرانی کیلئے 16فلڈ واچ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جو 24گھنٹے تونسہ بیراج پہ سیلاب کی صورتحال پہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ کیمپ بھاری مشینری اور بلڈوزرزسے پوری طرح لیس اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل کے مطابق متعلقہ ایکسیئن کے مطابق اس وقت تونسہ بیراج پہ درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور بیراج سے نیچے پانی کا بہائو 392000 کیوسک ہے جبکہ اتوار کو پانی کا بہائو 429000کیوسک تھا اور پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے۔ محکمہ آبپاشی نے حفاظتی تدبیر کے طور پرڈی جی خان کینال اور مظفر گڑھ کینال کو بند کر دیا ہے تا کہ ان نہروں میں سیلابی پانی کی وجہ سے بھل جمع نہ ہوسکے ۔

ڈی سی مظفرگڑھ اور ڈی سی لیہ محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کے ہمراہ اپنے علاقے میںدریائے سندھ کے حفاظتی پشتوںکے مسلسل دورے کر رہے ہیں ۔محکمہ آبپاشی کا فیلڈ سٹاف ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :