جنرل ہسپتال میں یکم تا 7اگست تک آؤٹ ڈور اور ایمر جنسی میں 35ہزار مریضوں کا علاج معالجہ ہوا ‘پرنسپل پی جی ایم آئی

شعبہ بیرونی مریضاں میںصبح 8 تا شام 8 بجے تک طبی سہولتوں کی فراہمی جاری ،روزانہ مانیٹرنگ ہو رہی ہے ‘ پروفیسرغیاث النبی طیب

پیر 7 اگست 2017 18:46

جنرل ہسپتال میں یکم تا 7اگست تک آؤٹ ڈور اور ایمر جنسی میں 35ہزار مریضوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و جنرل ہسپتال اکیڈمک کونسل کا اجلاس پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں تمام شعبوں کے پروفیسر صاحبان سمیت کنسلٹنٹ نے شرکت کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ایل جی ایچ میں یکم تا 7اگست تک آؤٹ ڈور اور ایمر جنسی میں 35ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور صرف پیر کے روز شعبہ بیرونی مریضاں میں ساڑھے تین ہزار سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا ۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتیں فراہم ہونا اس امر کا واضح ثبو ت ہے کہ اس ادارے میں مریضوں کی خدمت کیلئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمہ وقت موجود ہے اور صبح و شام آؤٹ ڈور شفٹ میں کنسلٹنٹس دستیاب ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح سی ٹی سکین ،الٹرا ساؤنڈ ، ایم آر آئی،ایکسرے، لیب ٹیسٹ اور دیگر شعبوں میں بھی روزانہ سینکڑوں مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے ہر ڈیپارٹمنٹ کی مسلسل مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر ہر شعبے سے رپورٹ پیش کی جا تی ہے اجلاس میں جنرل ہسپتال سے متعلقہ اہم امور کا جائزہ لیا گیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف شیڈول کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔اس موقع پر اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :