Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بزرگ شہریوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 7 اگست 2017 18:46

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بزرگ شہریوں کے عالمی دن کے موقع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشرے میں بزرگ شہریوں کو بڑا مرتبہ حاصل ہے اورمعمر افراد اور بزرگ شہری ہمارے لئے عظمت اور سرمایہ افتخار ہیں۔ بزرگوں کی خدمت اور ان سے شفقت کے رویے کا اظہارہمارا فرض اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بزرگ شہریوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ اس دن کا مقصد بزرگ افراد کی ضروریات، مسائل اور تکالیف کے بارے میں نئی نسل کو آگاہی فراہم کرنا ہے اوریہ دن معمر افراد کی اہمیت اور ان کے حقوق کی جانب توجہ دلاتا ہے اورہمیں بحیثیت قوم بزرگوں کی جانب سے خاندان، معاشرے اور ملک کیلئے انکی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ بزرگ ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں ان کی ضعیف عمر ی کو خود پر بوجھ نہیں سمجھنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

بزرگ شہریوںکے حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین اور قانون کا حصہ ہے اوران کا ادب و احترام ہماری تہذیب و تمدن کا بھی لازمی جزو ہے۔ اسلامی تعلیمات بھی ہمیں اپنے بزرگوں کے احترام کا درس دیتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ معاشرے کے ضعیف افراد کی دیکھ بھال اور ان کے حقوق کا تحفظ ترجیحات میں شامل ہے اور بزرگ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ معمر اور بزرگ افراد کے مسائل کے حل اور حقوق کیلئے سرگرم تنظیموں کی کاوشیں قابل ستائش ہیںاورمیں بزرگ شہریوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ہمیںآج اس بات کا عزم کرنا ہے کہ بزرگ شہریوں کواحساس محرومی سے بچانے کیلئے موثر اقدامات عمل میں لائیں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات