سری لنکن ایئر لائن جلد لاہور سے کولمبو براہ راست پروازیں شروع کر ے گی ،

پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلیمی میدان میں وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستانیوں کویوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں ،سری لنکن ہائی کمشنر کے نمائندہ سمن رتنائیکے

پیر 7 اگست 2017 18:31

سری لنکن ایئر لائن جلد لاہور سے کولمبو براہ راست پروازیں شروع کر ے گی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) سری لنکن ہائی کمشنر کے نمائندہ سمن رتنائیکے نے کہا ہے کہ سری لنکن ائیر لائن لاہور سے کولمبو براہ راست پروازیں شروع کرنے والی ہے،سری لنکن جامعات نے پاکستانی سکالرز کیلئے خطیر سکالر شپ مختص کر رکھے ہیں، پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلیمی میدان میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،وہ لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان اور سری لنکا کے ثقافتی اورتعلیمی روابط پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، تقریب میں ایرانی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرپاکستان اور سری لنکا کی ثقافت کو طالبات نے سٹیج پرفارمنس کے ذریعے اجاگر کیا اور دونوں ملکوں کے ملی نغمے اور ترانے گائے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح سمن رتنائیکے اور وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کیا جس میں پاکستان اور سری لنکا کے معروضی حالات کو فوکس کیا گیا تھا۔سمن رتنائیکے نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا جشن ہمارے لئے بھی باعث مسرت ہے، پاکستان میںرہتے ہوئے ہمیں بھرپور پیار اور تعاون میسر ہے، سری لنکن حکومت اور عوام کی جانب سے میںپاکستانیوں کویوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایرانی کلچر سنٹر رضائی فرد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کے حامل ہیں۔ فردوسی اورشیخ سعدی اگر پاکستان میں مقبول ہیں تو علامہ محمد اقبال کے اشعارایرانیوں کو ازبر ہیں۔ہمسایہ ممالک اور پاکستان میں شعبہ تعلیم میں تعاون و اشتراک کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی طرح ایران میں بھی خواتین تعلیم و تحقیق میں نمایاں ہیں ۔

پاکستان میں خواتین کا ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار قابل تحسین ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ تمام مذاہب امن ہی کا پیغام دیتے ہیں ۔ جب منزل ایک ہو یعنی انسانیت کی فلاح تو پھر راستے جداہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی اور سائنس مضامین کے ساتھ ساتھ زبان و ادب کی ترویج پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے اس کیلئے یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اینڈ کلچر قائم کیا گیا ہے ۔ہمسایہ ممالک سے تعلیمی شعبے میں ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :