کے ڈی اے کی مختلف سکیموں میں یوم آزادی جوش و خروش منانے کے لئے اقدامات کئے جائیں،سید ناصر عباس ڈی جی کے ڈی اے

پیر 7 اگست 2017 18:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) 70 ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر شہر بھر بالخصوص کے ڈی اے کی مختلف اسکیموں میں یوم آزادی جوش و خروش منانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات منعقد کئے جائیں تاکہ شہریوں بالخصوص بچوں میں آزادی کے بارے میں آگاہی پیدا ہوسکے۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے صحت یابی کے بعد دفتری امور کے دوران کے ڈی اے سوک سینٹر بلڈنگ میں کے ڈی اے ملازمین میں قومی پرچم تقسیم کرنے کے دوران کہی۔

ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے کے ڈی اے کے مختلف ملازمین میں قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور یوم آزادی کے حوالے سے کیپ تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ڈائریکٹر فنانس شمشیر احمد خان، میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار، پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد و دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے کہا کہ 70 واں یوم آزادی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام شایان شان طریقے سے منانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اس حوالے سے 13 اگست کی رات سوک سینٹر بلڈنگ کے سبزہ زار میں شہریوں کے لئے بالخصوص بچوں، خواتین اور نوجوانوں کے لئے رنگا رنگ پروگرامز، فیملی فیسٹیول اور گیمز منعقد کئے جائیں گے جبکہ یوم آزادی کے حوالے سے شہریوں میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے قومی پرچم، بیجز، کیپ، چوڑیاں ودیگر چیزیں تقسیم کی جائیں گی۔

ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے مزید کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حالیہ کئے گئے اقدامات کے باعث ملک اور شہر کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔