Live Updates

اگست کو تاریخی استقبال ثابت کریگا نواز شریف دلوں کے وزیراعظم ہیں ،مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن

آصف علی زرداری اور عمران خان کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے ،دونوں ایک سکے کے دورخ ہیں،سید منور رضا ،خواجہ طارق نذیر شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہتر مفاد میں فیصلے کرینگے،حاجی شاہجہان نور خان اخونزادہ ،عبدالحمید بٹ،ناصر الدین محمود

پیر 7 اگست 2017 18:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا،سیکرٹری جنرل خواجہ طارق نذیر،نائب صدر حاجی شاہ جہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخونزادہ،سیکرٹری اطلاعات ناصر الدین محمود اورمیڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی بھرپور عوامی پذیرائی سے تحریک انصاف کے رہنما بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔

9اگست کو قائد مسلم لیگ کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور یہ پیغام دیا جائے گا کہ نواز شریف عوام کے دلوں کے وزیراعظم ہیں ۔مسلم لیگی قائدین ، کارکنان اور عوام نے عدالتی فیصلے پر عمل ضرور کیا ہے لیکن اس فیصلے کو قبول نہیں کیا ہے ۔زرداری اور عمران خان کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے یہ دونوں ایک سکے کے دورخ ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کی سازشی سیاست کا انجام قریب ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں کیا ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام میاں نواز شریف سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کررہے ہیں ۔مری سے اسلام آباد کے سفر میں میاں صاحب کے استقبال کے لیے عوام کا سمندر امنڈ آیا اور اب 9اگست کو عوام کا سیلاب میاں نواز شریف کا استقبال کرے گا ۔انہوںنے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست کھانے والوں نے سازش کرکے نواز شریف کو سیاست سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی ہے اور وہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اس طرح حکومت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

زرداری اور عمران خان کے ان خوابوں کو کبھی تعبیر نہیں ملے گی ۔بلاول بھٹو زرداری اپنے والد کی کرپشن بھول کر دوسروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ۔اگر ملک میں حقیقی احتساب ہوا تو سب سے پہلے ان کے والد جیل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی گراوٹ کا شکار عمران خان کس منہ سے قوم کی رہنمائی کی بات کررہے ہیں ۔پی ٹی آئی میں خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا جاتا ہے اس کا بھانڈا عائشہ گلالئی نے پھوڑ دیا ہے ۔

اندرونی خلفشار کا شکار تحریک انصاف کے رہنما میاں نواز شریف کی بھرپور عوامی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں ۔انہیں نواز شریف کی مقبولیت کا احساس ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے نے عوام کے دلوں میں مسلم لیگ کے قائد کی محبت میں مزید اضافہ کیا ہے ۔نواز شریف کل بھی سب سے مقبول عوامی لیڈر تھے اور آج بھی عوامی مقبولیت میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں گے اور میاں نواز شریف کے چھوڑے ہوئے ادھورے کام تیزی سے مکمل کیے جائیں گے ۔مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت 2018میں ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی خوشخبری سنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، معیشت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی مسلم لیگ(ن)کی وفاقی حکومت کا کریڈٹ میں ہے ۔ تنقید کرنے والے پہلے اپنے صوبوں پر نظر ڈالیں اور اس کے بعد پنجاب کی ترقی دیکھیں ان کو احساس ہوجائے گا کہ تبدیلی کسے کہتے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات