پیپلز پارٹی ملک کو دو ٹکڑے کرنے کی ذمہ دار ہے ،محمد اعجاز الحق

اگر اعتزاز احسن سکھوں کی لسٹیں انڈیا کے حوالے نہ کرتے تو خالصتان بننے سے کشمیر آزاد ہوجاتا، پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 7 اگست 2017 18:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق ایم این اے نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی ملک کو دو ٹکڑے کرنے کی ذمہ دار ہے اگر اعتزاز احسن سکھوں کی لسٹیں انڈیا کے حوالے نہ کرتے تو خالصتان بننے سے کشمیر آزاد ہوجاتا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھٹو نے دھمکی دی کہ قومی اسمبلی کے ڈھاکہ اجلاس میں جانے والے ارکان اسمبلی کی ٹانگیں توڑ دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

چنانچہ خلاف ورزی کرنے والے واحد رکن احمدرضاقصوری قاتلانہ حملے میں اپنے والد محمد احمد خان زیب سے ہاتھ دھو بیٹھے اس کے علاوہ بھی ان پر 18حملے ہوئے ۔ بھٹودور میں ڈاکٹر نذیر احمد ، خواجہ رفیق اور 24دیگر شہید کیے گئے ۔ میاں طفیل محمد اور مجیب الرحمن شامی پر بھی ظلم ڈھایا گیا ۔ خواجہ سعد رفیق اپنے والد کے بہیمانہ قتل کو بھول گئے ہیں ۔ پیپلز پارٹی حکومت کی طرف سے لسٹیں دینے پر ایک دن میں 450سکھ ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی کردیئے گئے ۔ کشمیر میں دنیابھر میں سب سے زیادہ مظالم جاری ہیں مگر ہمارے حکمران خاموش ہیں۔