سیوریج کے نظام میں بہتر ی لانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں،جان محمد بلوچ چیئرمین بلدیہ ملیر

پیر 7 اگست 2017 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ ملیر میں سیوریج کے نظام میں بہتر ی لانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں ، جامع منصوبہ بندی کے تحت عوام کو سیوریج کے مسائل سے مستقل بنیادوں پر نجات دلانے کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے فنڈ سے سیوریج کی نئی لائنیں ڈلوا رہے ہیں ، منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں میں بلا تفریق کام کروا رہے ہیں ، بلدیہ ملیرمیں سیوریج کی خراب صورتحال کی وجہ یوسیزکو پچھلے دور میں نظر اندازجانا ہے،سیوریج لائنیں بند ہیں جس کی وجہ سے نکاسی نہیں ہو رہی،عوامی مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام یوسیز کو ونچنگ مشین بھی دی گئی ہے جسکے ذریعے چھوٹی لائنوں کی صفائی کروارہے ہیںجس سے یوسیز میں سیوریج کے چھوٹے مسائل پر قابوپایا جارہا ہے، بڑے نالوں کی ہیوی مشینری کے ذریعے صفائی کا کام بھی جاری ہے ، جن جگہوں پر سیوریج کی نئی لائن ڈالنے کی ضرورت محسوس ہورہی وہاں پر نئی لائن ڈال رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین صفائی ستھرائی کمیٹی لیاقت بلوچ کے ہمراہ یوسی12 وارڈ نمبر 4میں کے ڈی اے چورنگی تا غریب آباد گوٹھ تک سیوریج لائن منصوبے کا سنگِ بنیادرکھتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پریو سی کونسلرسمیر شاہ، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈایری بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج کی لائن ڈالتے ہوئے اس بات کا یقین کر لیا جائے کہ لائن کا لیول درست ہو، پائپ مٹیریل کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ مستقبل میں لائنوں کے خراب اور بند ہوجانے کا خطرہ کم سے کم ہو، بلدیہ ملیر کی جس یوسی میں سیوریج کی صورتحال انتہائی خراب ہے وہاں سروے کرکے ترجیح بنیادوں پر نئی لائن ڈالی جائے۔