Live Updates

عمران خان کے احتجاج پر الزام لگانے والے اب اپنے سڑکوں پر آنے کاپلان بھی بتائیں ‘عبدالعلیم خان

نواز شریف کی بساط الٹ چکی ہے ، سرکاری خرچے پر ریلیاں نکال کر ساکھ بحال نہیں ہو گی‘حلقے میں گفتگو

پیر 7 اگست 2017 18:25

عمران خان کے احتجاج پر الزام لگانے والے اب اپنے سڑکوں پر آنے کاپلان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ اور احتجاج پر لندن پلان کا الزام لگانے والے اب اپنے پلان کا بھی بتائیں کہ وہ کس کے اشارے پر جی ٹی روڈ کا رخ کرنے لگے ہیں ، نواز شریف کی ریلی نہیں، سیاسی لاش کا جنازہ نکالا جارہا ہے، جس سے سیاسی انارکی پھیلنے کے علاوہ اور کچھ حاصل نہیں ہو گا ۔

عبدالعلیم خان نے ایم پی اے شعیب صدیقی کے ہمراہ این ای122اورپی پی147کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ہر جلسے میں عمران خان کو مخاطب کرکے بڑھکیں مارتے رہے کہ ہم سڑکیں بناتے اور تم سڑکیں ناپتے رہوگے،اب نواز لیگ خود سڑکیں ناپ رہی ہے، سرکاری خرچ پر چلنے والے پنجاب ہاؤس کو بیس کیمپ بناکر دن رات ریلی میں مصنوعی رونق بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ وزراء کی فوج اپنے دفاتر چھوڑ کرنااہل نواز شریف کی جی حضوری میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس شخص کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،اس کے استقبال کیلئے ملکی دولت کے کروڑوں روپے پھونکے جارہے ہیں،چند ہفتوں میں کرپشن کیسز کے فیصلے ہونگے تو ان کو ریلی پر لٹائے جانے والے ملکی وسائل کا بھی حساب دینا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی جیسے مہروں کی حقیقت کھل چکی،غیر جانبدار تحقیقات کروائی جائیں تو اس سازش کے پیچھے چہرے بے نقاب ہونگے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری خرچے پر ریلیاں نکال کر نعرے بازی کرنے سے نواز شریف کی ساکھ بحال نہیں ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :