جدید انٹر پرائز سسٹم جلد ہی پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں نافذالعمل کر دیا جائے گا‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

جسٹس سید منصور علی شاہ کا لاہورڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس ساہیوال کا دورہ ،بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ایکسپریس فیڈر کا افتتاح کیا

پیر 7 اگست 2017 18:23

جدید انٹر پرائز سسٹم جلد ہی پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں نافذالعمل کر دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر سید منصور علی شاہ نے لاہورڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس ساہیوال کا دورہ کیا ۔اس موقع پر مسٹرجسٹس مامون رشید شیخ ،مسٹر جسٹس امین الدین خان ، مسٹر جسٹس علی اکبر قریشی ،سید خورشید انور رضوی ، رجسٹرارعدالت عالیہ لاہوربھی موجود تھے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس ساہیوال میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے ایکسپریس فیڈر کا افتتاح کیا جس کے بعد دفتر فاضل ڈسٹرکٹ و سیشن جج ساہیوال کے دفتر آٹومیشن /کمپیوٹرائزیشن کے عمل کا جائزہ لیا اور سراہا ۔

بعدازاں چیف جسٹس لاہو رہائی کورٹ نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نو تعمیر شدہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم /کنٹرول روم اور آئی ٹی لیب ،بارروم ساہیوال میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ای لائبریری کا افتتاح کیا اور وکلاء صاحبان سے خطاب بھی کیا ۔

(جاری ہے)

معزز وکلاء صاحبان نے ضلع ساہیوال کو پرنسپل سیٹ عدالت عالیہ لاہور کیساتھ منسلک کرنے کی آپشن کا خیر مقدم کیا ۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے فیملی بلاک ڈسٹرکٹ کورٹس ساہیوال کا دورہ کیا جہاں پر نو تعمیر شدہ گارڈین کورٹ اور Visitation Room برائے نابالغان و اے ڈی آر سنٹر کا افتتاح بھی کیا ۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے ملازمین ضلعی عدلیہ ساہیوال سے خطاب کیا اور انہیں دلجمعی، جانفشانی اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دینے کی تلقین کی۔ اسکے بعد چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ضلعی عدلیہ ساہیوال کے معزز جج سے میٹنگ کی جس میںان کو بذیعہ ملٹی میڈیا آٹومیشن ، ترقیاتی منصوبہ جات،جلد انصاف کی فراہمی کی بابت ضلعی عدلیہ ساہیوال کی کوششوں اور کامیابیوںپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف جسٹس نے ضلعی عدلیہ ساہیوال کی کوششوں اور کامیابیوں کی سراہا اور معزز جج صاحبان کو سستے اور معیاری انصاف کی جلد فراہی پر زور دیااور کہا کہ جدید انٹر پرائز سسٹم جلد ہی صوبہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں نافذالعمل کر دیا جائے گا۔ اس موقعہ پر چیف جسٹس نے کمشنر ساہیوال کو ہدایت کی کہ ضلعی عدلیہ ساہیوال کے کسی بھی ترقیاتی پراجیکٹ میں کسی بھی قسم کی انتظامی رکارٹ حائل نہ ہونے دی جائے۔ مزید برآںچیف جسٹس نے ضلع عدلیہ ساہیوال میں مستقل بنیادوں پر میڈیا سیل کی تشکیل کی بھی ہدایت کی ہے ۔