فاٹا سے ایف سی آرکافوری خاتمہ چاہتے ہیں،اسفندیارولی خان

وزیر اعظم آئینی اصلاحات کے ذریعے انگریز کے کالے قانون ایف سی آرکے خاتمے اور فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کا اعلان کریں ،سربراہ عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 6 اگست 2017 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ فاٹا میں ایف سی آر کسی صورت منظور نہیں،نئے آنے والے وزیر اعظم آئینی اصلاحات کے ذریعے انگریز کے کالے قانون ایف سی آرکے خاتمے اور فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کا اعلان کریں ۔باچاخان مرکز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیارولی خان کاکہنا تھا کہ پانامہ کاشور ختم ہو چکا ہے اور اب نئی آنے والے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو اہم ملکی مسائل کا حل اپنی ترجیح بنانی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ فاٹا کا مسئلہ قبائلی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے لیکن سابق وزیر اعظم نے صرف دو افراد کی خوشی کیلئے لاکھوں قبائلیوں کے ارمانوں کا خون کر دیا۔

(جاری ہے)

صوبے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبے کے حقوق اور شناخت حاصل کی،تاہم موجودہ حکومت نے صوبے کے حقوق کے تحفظ کو پس پشت ڈال دیا ،انہوں نے کہا کہ پانامہ پر حمایت کرنے پر ایک بار پھر صوبائی حکومت نے اپنی ایک اتحادی جماعت کو نکال باہر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پانامہ کے بعد عائشہ گلالئی اور عائشہ احد سامنے آ گئیں تاہم انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی تحقیقات ہونی چاہئے اور فیصلہ آنے تک اس مسئلے پر خاموشی اختیار کرنی چاہئے۔