ْحکومت ینگ ڈاکٹر ز کے مطالبات اور مسائل کے حل کیلئے مثبت اقدامات اُٹھائے ‘ ذکراللہ مجاہد

حکمرانوں کی آمرانہ پالیسیوں نے غریب عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں تھوڑی بہت ملنے والی سہولیات سے بھی محروم کردیا ہے

ہفتہ 5 اگست 2017 19:31

ْحکومت ینگ ڈاکٹر ز کے مطالبات اور مسائل کے حل کیلئے مثبت اقدامات اُٹھائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات اور مسائل کے حل کیلئے حکومت مثبت اقدامات اُٹھائے تاکہ حکومت اور ڈاکٹرز کی اس محاذ آرائی میں غریب مریضوں کو مشکلات اور پریشانیوں سے بچایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے شہر میں چار روز سے جاری جناح ہسپتال اورشیخ زید ہسپتال میں الائیڈ ہیلتھ آرگنائز یشن کی ہڑتال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی آمرانہ پالیسیوں نے غریب عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں تھوڑی بہت ملنے والی سہولیات سے محروم کردیا ہے جس کے باعث عوام کے ذہنوں میں یہ تاثر پیدا ہو ا رہاہے کہ حکومت اور ڈاکٹرز اپنے مفادات کی آڑ میں قیمتی انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جبکہ کئی زندگیاں جان کی بازی ہار چکی ہے اور مجال ہے کہ حکمرانوں کے کان پر جوں تک رینگی ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تو حکومت اور صحت کے اداروں کی غفلت سے ہی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے اگر ینگ ڈاکٹر ز سے فی الفور مذاکرات شروع کر دیئے جاتے تو معاملات اس قدر خراب ہونے کے ساتھ پنجاب بھر سے آنے والے غریب مریضوں کا استحصال نہ ہوتا۔ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کی سنٹرل انڈکشن پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز کو اپنی مرضی کے شعبہ کی پڑھائی کرنے کا حق دیا جائے اور آمرانہ پالیسیوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کا علاج معالجہ ہو سکے اور اس مقدس پیشہ کو مزید بدنامی سے بچایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :