کوئٹہ، قمرمسعود کی زیرصدارت جشن آزادی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس

تمام محکموں کے نمائندگان اور قانون نافذ کرنے والے ادارؤں نے 14اگست تقریبات کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی

جمعہ 4 اگست 2017 22:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی قمرمسعود کی زیرصدارت جشن آزادی 14اگست کے حوالے سے تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ صوبے کے تمام محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام محکموں کے نمائندگان اور قانون نافذ کرنے والے ادارؤں کے نمائندگان نے فرداً فرداً تفصیل سے 14اگست کے حوالے سے تقریبات کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی قمر مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔ اس عظیم دن کے حوالے سے تمام تر تیاریوں کو بروقت حتمی شکل دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان، یادگار اور باوقار انداز میں منانے کے لئے جامع انتظامات کئے جائیں۔

سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے مزید کیا کہ ہر سال کی طرح اس سال اور بھی بہتر طریقے سے اس عظیم دن کو منایا جائے گا تاکہ پوری دنیا کو پتہ چلے کہ ہم زندہ قوم ہیں اور سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 70سالہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں صوبے بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، تقریری مقابلے، ملی نغمات، کتب میلے، ذہنی آزمائش کے مقابلے، قرأت، نعت خوانی،سٹیج ڈرامے اور مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ 14اگست کے دن تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نظریہ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف مقامات پر مجلس مذاکرے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ 8اگست سے شروع ہونے والی جشن آزادی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں اور سیکیویرٹی کے فول پروف انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :