کراچی،تھر میںصنعتی فضلے کی اسکیم سے متاثر ہونے والی برادریوں کی مناسب بحالی کے منصوبے کے حوالے سے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی تندہی سے کام کر رہی ہے، شمس الدین شیخ

جمعہ 4 اگست 2017 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی(SECMC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمس الدین شیخ نے کہا ہے کہ تھر میں ان کی کمپنی کے صنعتی فضلے کی اسکیم سے متاثر ہونے والی برادریوں کی مناسب بحالی کے منصوبے کے حوالے سے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی تندہی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت متاثرہ علاقے ’’چوہرا‘‘ کے رہائشیوں کو 2019 سے قبل پاکستان کے بہترین گاؤں میں منتقل کر کے دوبارہ بسا دیا جائے گا اور تھریو ہلی پوتو کے رہائشیوں کو پہلے منتقل کیا جائے گا۔

کمپنی اس کے ساتھ ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا بھی خیال رکھ رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صنعتی فضلے کی اسکیم پر عملدرآمد کے وقت میں تاخیر کے سبب سندھ اینگرو کول مائنگ کمپنی نے حکومت سے اجازت کے بعد اسے مکمل کرنے کا ذمے خود لیا جس پر ایک چیخ و پکار شروع ہو گئی جس کا اختتام قانونی چارہ جوئی کیساتھ ہوا۔

(جاری ہے)

گورانو کے علاقے میں قدرتی گہرائی ہے جس میں دو قدرتی بند ہیں جبکہ دو مزید تعمیر کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر گورانو کو کچھ ہوا تو ہم اس کی ذمے داری اٹھاتے ہیں کیونکہ یہ کان کنی کے پورے عمل کو خطرے میں ڈال دے گا اور پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں یہ عمل رک جائے گا جس کا مطلب ہمارے لیے یہ ہو گا کہ سب کچھ مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ یہ فضلہ گورانوں میں پھینک دیا جائے گا تو کان کنی اور بائیں کنارے کی آبشار کے بہاؤ سے حاصل ہونے والے پانی کو پاور پلانٹ میں مشینری کو ٹھنڈا کرنے کیلئے استعمال کرنے سے قبل اس کا ٹریٹمنٹ کیا جا سکے گا۔

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ کچھ وجوہات کے سبب کارپوریٹ سماجی ذمے داری کی قیمت کو کوئلے کے نرخوں میں شامل کرنے کی اجازت نہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر توجہ دی گئی۔ اسلام کوٹ میں 100 بستروں کا ہسپتال اور اسکول کی تعمیر کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کوٹ سندھ کا جدید تعلقہ بن جائے گا۔ ترقی کے منصوبوں کے نتیجے میں لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑے گا اور کسی کو تو اس کی قیمت چکانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ SECMC نے حتیٰ کہ تھر کی خواتین کو 35 ہزار روہے تنخواہ دے کر ڈرائیور کی حیثیت سے ان کی خدمات حاصل کی تھیں۔ حیران کن طور پر خواتین نے بحیثیت ڈرائیور بہترین نتائج دیے۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر بھاری ٹرک چلانے کیلئے خدمات پیش کیں اور محترمہ گلابانہ جیسی خواتین نے کہا کہ جو کام ان کے مرد کرتے ہیں، آخر وہ کیوں نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بائیو سیلائن زراعت کیلئے لیبارٹری کی سطح کے تجربات کیے گئے اور بھرپور نتائج کیلئے زمین کے استعمال سے قبل فیلڈ میں مزید تجربات بھی کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھر کول بلاک II میں کان کنی اور بجلی پیدا کرنے کا کام 3جون 2019 تک شروع ہوجائے گا۔ اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی بلاک میں تھر الیکٹریکل پاور لمیٹیڈ اور تھل نووا کی جانب سے ایک اور 660 میگا واٹ بجلی کے پیداواری یونٹ کے دوسرے فیز کا مالی اختتام مارچ 2018 تک ہو جائے گا جس کا اختتام 2020 کے درمیان میں ہونا تھا۔

تھر میں ہونے والے اسی طرح کے دیگر کمپنیوں کے 660 میگا واٹ یونٹ بھی اس کی پیروی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم با آسانی یہ بات کہ سکتے ہیں کہ ہم 2025 تک 4000 میگا واٹ پیدا کر رہے ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں حکومتِ سندھ کا حصص 54 فیصد ہے اور تقریباً 37 فیصد تک بجلی کا اور 40 فیصد تک کان کنی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

اوپن پٹ کان کنی کے دوران پانی نکالنا ایک بہت بڑا مرحلہ تھا اور اب تک 85 میٹر گہری کھدائی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمکین پانی کو گورانو ریزوائر میں محفوظ کرنا ہے اور مزید یہ کہ تین سال بعد یہ پانی یا تو بخارات کی صورت میں اڑ جائے گا یا زمین میں جذب ہو جائے گا۔ شیخ نے تھر کے بھورے کوئلے (جس میں لکڑی کی ساخت موجود ہوتی ہی) کے معیاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کا مقابلہ یورپی خطے میں پائے جانے والے کوئلے سے کیا۔

انہوں نے اس حقیقیت کا بھی تنقیدی جائزہ لیا کہ جب گورانو کی EDS کی ذمہ داری حکومتِ سندھ کی تھی تو ان کی فرم نے اسے چلانے کا ذمہ خود کیوں نہیں لیا۔پروفیسر مشتاق میرانی کا خیال تھا کہ اگر بائیو سیلائن زراعت کے تجربات کا نتیجہ مثبت تھا تو اس کے نتیجے میں زراعت میں بہتری آنی چاہیے کیونکہ سندھ کے زمینی پانی کا 70 فیصد پانی نمکین ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کو نجی کاروباروں (entrepreneurship)کو فروغ دینا چاہیے۔جنرل منیجرکارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) اور پبلک افیئرز کی حیثیت سے اینگرو پاور جن میں شامل ہونے والے نصیر میمن بھی وہاں موجود تھے۔#

متعلقہ عنوان :