عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کیلئے علما ء کرام اپنا کردار ادا کریں، گورنر سندھ محمد زبیر

جمعرات 3 اگست 2017 22:47

عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کیلئے علما ء کرام اپنا کردار ادا کریں، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام امن پسند ی ، بھائی چارے ،ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے ، معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے علما ء کرام اپنا کردار ادا کریں ،ہر نازک موقع پر علماء کرام کا کردار مثالی رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا ،ملک میں بعض انتشاری عناصر انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ،یہ مخصوص ذہنیت کے حامل افراد بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں لیکن حکومت علماء کرام کے تعاون سے ان عناصر کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیگی ۔

انہوں نے گورنر ہائوس میں دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ کے انچارج یوسف سلیم عطاری کی قیادت میں آنے والے 4 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، امن و امان کے قیام میں علماء کرام کے کردار ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علما ء کرام کی اہمیت سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ رہبر انسانیت ہیں جن کے پیغام کو عام کرنے کی آج بہت ضرورت ہے ، حضور اکرم ﷺ کی ساری زندگی مکمل ضابطہ حیات ہے ہمیں ان سے سیکھنا چاہئے ،نبی آخر الزماں ﷺ نے کبھی انسانیت کی تذلیل نہیں کی لیکن ہمارے معاشرہ میں ان کے پیغام کے برعکس اقدامات انتہائی افسوسناک ہیں ، دعوت اسلامی پیارے نبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ بھی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دعوت و تبلیغ سے لوگوں کو اصل دین کی سمجھ میں بڑی مدد ملتی ہے، صحابہ کرام ؓ نے بھی ہمیشہ دعوت و تبلیغ سے اسلام کے پیغام کو عام اور اپنے حسن و کردار سے واضح کیا یہی وجہ ہے کہ اس وقت لوگ جوق درجوق اسلام میں داخل ہورہے تھے لیکن آج مخصوص ذہنیت کے حامل افراد انتشار ، جنگ و دجل اور معصوم افراد کے خون سے اسلام کی تعلیمات کو مسنح کرنے کی ناکام کوششوں میں ہیں، حکومت علما ء کرام کے تعاون سے ان دہشت گردوں کو ان کے نظریات سمیت ختم کرکے رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جس نے انسانیت کی تعلیم دی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں معاشرتی ، معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور خوشحالی کا واضح درس ہے جن کو اپنا کر معاشرہ کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے ، دعوت اسلامی ایک پر امن معاشرہ کی تشکیل میں زبردست کام کررہی ہے ۔ ملاقات میں وفد کے سربراہ یوسف سلیم عطاری نے گورنر سندھ کو دعوت اسلامی کی دعوت و تبلیغ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے معاشرہ کو درست سمت پر گامزن کیا جا سکتا ہے ، حضور اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ سے ہمیں بہتر مستقبل تلاش کرنے کی ضرورت ہے ، نبی آخری الزماں ﷺ نے اسلامی ریاست کے قیام میں کامیاب معاشرہ کی تشکیل کا واضح درس دیا ہے مدنی دور سے بھی ہمیں بہت کچھ سیکھنا چاہئے ۔

انہوں نے گورنر سندھ کو فیضان مدینہ کے دورہ کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :