حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن قائم کرئے گی، رانا مشہود خان

بدھ 2 اگست 2017 19:25

حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود خاںنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن قائم کرئے گی۔اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کیلئے بہترین سکلڈ ورک فورس تیار کرنا ہے۔ اس طرح نوجوان نسل کی جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن تک رسائی بھی ممکن ہو گی اوراس یونیورسٹی کے طالبعلم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے یہ بات انہوں نے تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن چائنہ کے اشتراک سے لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میںمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںصوبائی وزراء شیخ علائوالدین اور ملک ندیم کامران کے علاوہ چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اورسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر رانا مشہود کوتیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میںٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے مختلف قانونی اورتکنیکی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔

رانا مشہود نے تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کی فیکلٹی اور سبجکٹ سپیشلسٹس کی جلد بھرتی کی ہدایت کی اور بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے سات مختلف پروگرامز متعارف کروائے جائیں گے صوبائی وزیر انڈسٹریز شیخ علائو الدین نے کہا کہ تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔