ایدھی ٹرسٹ آسٹریلیا نے سڈنی میں فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 2 اگست 2017 15:05

ایدھی ٹرسٹ آسٹریلیا نے سڈنی میں فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا
سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2017ء) اتوار 29 جولائی کی شام ایدھی ٹرسٹ آسٹریلیا نے سڈنی میں ایک خوبصورت فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دئیے ۔ یہ تقریب سڈنی کے علاقے Rhodes کے ایک ہال منعقد ہوئی اس کی میزبانی دو نوجوان خواتین مریم خان اور صبا خان نے کی جب کہ نوجوان ڈاکٹر بلال نے تفصیل سے ایدھی ٹرسٹ کی تاریخ اس کے کارنامے اور اس کی اہمیت پر روشنی دالی ۔

آغاز میں ایس بی ایس ریڈیو کا ایدھی ٹرسٹ پر کیا گیا پرو گرام اور انٹرویو چلایا گیا ۔ ڈاکٹر بلال نے شاہد ملک ، جاوید نذر اور ایک مقامی طالبہ کی دی ہوئی پینٹنگز کی نیلامی بھی کی، جس سے مجموعی طور پر چھ ہزار چار سو ڈالر ایدھی ٹرسٹ کو حاصل ہوئے ۔ ایدھی ٹرسٹ آسٹریلیا کے چیرمین حامد خان نے اپنی تقریر میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اپنے رضاکاروں کی تعریف کی اور اب تک کی پروگریس پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق پچھلے چار پانچ سال میں ٹرسٹ نے ڈیڑھ ملین ڈالر سے زائد جمع کئے ، چونسٹھ ایمبولینس ، سیکڑوں وہیل چیئرز اور دوسرا سامان پاکستان بھجوایا ۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال سے ایدھی ٹرسٹ آسٹریلیا کو (Deductible gift recipients DGR ) کاسٹیٹس حاصل ہو گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹرسٹ کو دےئے جانے والے عطیات ٹیکس فری ہوں گے ۔ ایدھی ٹرسٹ کے ایک اور رضا کار ڈاکٹرعر فان نور نے تمام مہمانوں اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا اور اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ۔ اس دوران مقامی گلوکاروں نے کچھ قومی اور کچھ مقبول نغموں سے لوگوں کا دل بہلایا ۔ آخر میں کھانا پیش کیا گیا ۔