کہ دینی مدارس علم کی روشنی پھیلانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح ورہنمائی میں بھی نمایاں کردار اداکررہے ہیں،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

بدھ 2 اگست 2017 00:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ دینی مدارس علم کی روشنی پھیلانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح ورہنمائی میں بھی نمایاں کردار اداکررہے ہیں۔اس ضمن میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والے دینی مدارس کو ضلعی انتظامیہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے یہ بات شیخوپورہ روڈپرجامعہ سلفیہ میں فیصل ہال کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صدر جامعہ سلفیہ ٹرسٹ حاجی بشیر احمد،نائب صدر حاجی محمدارشد پاشا،سیکرٹری میاں عباس بھلہ،مولانا محمد یوسف انور،قاری یٰسین ظفر،محمدایوب،شیخ الحدیث مولانا محمدیونس ودیگر علماء کرام موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرز نے جامعہ سلفیہ کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاندار اسلامی روایات کے مطابق قرآن وحدیث اور عصر حاضر کی تعلیم کے حوالے سے بہترین ماحول میں درس وتدریس کی منظم سرگرمیاں منتظمین کی بہترین کاوشوں کی غمازی کرتا ہے اور طالب علموں کو دینی علوم کے علاوہ عصری تعلیم،فنی تربیت وانفارمیشن ٹیکنالوجی سے آگاہی بھی مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے جو کہ قابل تحسین اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ اسلامی نظریہ حیات کے مطابق مثبت سوچ لیکر آگے بڑھیں تاکہ معاشرہ امن کا گہوارہ بنے اور ان کے ادارے کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہو۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے جامعہ سلفیہ کی ضخیم لائبریری،کمپیوٹر لیب،ووکیشنل ٹریننگ سنٹر،انتظامی بلاک اور دیگر شعبوں کامعائنہ کیا اور طالب علموں کے داخلوں وتعلیمی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کے لئے شاندار انتظام وانصرام کو سراہا۔

اس موقع پر قاری یٰسین ظفر نے بتایا کہ اس مدرسہ میں اس وقت پانچ سو سے زائد طالب علم مقیم ہیں اورہر سال میرٹ کی بنیادپرداخلہ دیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مدرسہ سمیت دیگر الحاق شدہ مدارس کے فارغ التحصیل طالب علموں کوجامعہ سلفیہ کی جانب سے اسنادجاری کی جاتی ہیں جنہیں پاکستان سمیت عرب ممالک اور دیگر عالمی سطح پر مستندومعتبرمقام حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالب علموں کی عمدہ کردارسازی اوران میںاعلیٰ اخلاقی اقدارپیدارکرنے کے لئے اسلام کے بنیادی اصولوں کے مطابق تربیت کی جاتی ہے اوراس پلیٹ فارم پر ہمیشہ اتحادبین المسلمین کے پیغام کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے جامعہ سلفیہ کا دورہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں شیخ الحدیث مولانا محمدیونس نے ملک قوم کی ترقی وخوشحالی،اسلام کی سربلندی،امن وسلامتی اورقومی یکجہتی کی دعا کی۔