اپنے خلاف صاحبِ اقتدار ٹولیوں کی سازشیں بے نقاب کروں گا ، احمدی نژاد

منگل 1 اگست 2017 15:20

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 اگست2017ء) ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ وہ صاحبِ اقتدار و ثروت ٹولیوں کی جانب سے اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کا جلد بے نقاب کریں گے۔ نژاد کا یہ رد عمل ان پر اربوں ڈالر کی سرکاری رقوم کے غلط استعمال سے متعلق الزامات کے جواب میں سامنے آیا ہے۔ایرانی آڈیٹر جنرل فیاض شجاعی نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ احمدی نژاد کو ان الزامات کا سامنا ہے کہ انہوں نے صدر کے منصب پر رہتے ہوئے سرکاری رقوم کا غلط استعمال کیا تھا جس کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔

اس کے مقابل سابق ایرانی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقتدار اور مال پر براجمان ٹولیاں ایک "بزدلانہ منظرنامی" کے ذریعے 2005 سے 2013 تک رہنے والی حکومتوں میں عوام کے خادموں کے خلاف مصروفِ عمل ہیں۔

(جاری ہے)

احمدی نژاد کے مطابق ان کے حکومتی گروہ پر ایسے وقت میں بدعنوانی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جب ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور عوام اقتصادی اور سیاسی دبا کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس "بزدلانہ منظرنامی" کی ابتدا ان کے معاون حمید بقائی کی گرفتاری سے ہوئی اور پھر ایرانی آڈیٹر جنرل کی جانب سے جھوٹے الزامات عائد کیے گئے جن کو نژاد نے "جھوٹا" قرار دیا۔سابق ایرانی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ "میں طویل عرصے سے عوام کے خلاف غیر اخلاقی اور معاندانہ برتا پر خاموش رہا مگر اب میں محسوس کرتا ہوں کہ ان نفرت انگیز کارستانیوں کو سامنے لانا میرا فرض ہے۔

احمدی نژاد نے فیاض شجاعی کی جانب سے الزامات کو "گمراہ کن" اور "جھوٹ کا پلندہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایرانی رائے عامہ کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ایرانی روزنامے "اعتماد" کو دیے گئے انٹرویو میں شجاعی نے بتایا کہ 2009 سے 2013 کے دوران احمدی نژاد کی دوسری مدت صدارت سے متعلق ایک معاملے میں غلط استعمال ہونے والی رقم کی مالیت دو ارب ڈالر سے زیادہ تک پہنچ گئی۔شجاعی کے مطابق الزامات کی فہرست کا اعلان پارلیمنٹ میں کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :