سکھر: نواز شریف کا مشکل وقت میں بھی ساتھ دیا، سید غوث علی شاہ

میاں صاحب کے اندر کا تکبر اب تک ختم نہیں ہوا اور اب وہ نام نہاد وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں ظاہر ہوتا ہے کہ نواز شریف خاندانی سیاست سے باہر نہیں نکل سکے،سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی کارکنوں سے گفتگو

پیر 31 جولائی 2017 20:39

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2017ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا مشکل وقت میں بھی ساتھ دیا، تاہم میاں صاحب کے اندر کا تکبر اب تک ختم نہیں ہوا اور اب وہ نام نہاد وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواز شریف خاندانی سیاست سے باہر نہیں نکل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سید نواز علی شاہ، سید قربان علی شاہ، حنیف ہاشمی، قیوم مہیسر و دیگر بھی موجود تھے۔ سید غوث علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میاں صاحب میں تکبر کا مادہ بھرا ہوا ہے، ان کی توجہ پاکستان نہیں بلکہ پیسہ ہے اور ان میں مستقل مزاجی کا فقدان ہے، پتہ نہیں (ن) لیگ مسلم لیگ ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو سچ کہے گا نواز شریف اس کا دشمن بن جائے گا یہی وجہ ہے کہ نواز شریف نے مسلم لیگی دھڑوں میں اتحاد نہیں ہونے دیا اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو نظر انداز کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے اور ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے، ہم سب کو ملک کے استحکام، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا اور ایسے اقدامات کرنے ہونگے جس سے ملک مزید ترقیوں کی راہ پر گامزن ہوسکے اور ملک دشمن عناصروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے۔