سپریم کورٹ فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ،عمران خان، ججز نے ہمیں سڑکوں پر نہ جانے اور عدالت آنے کا کہا، نیا پاکستان انڈر پاس ،میٹرو بس سے نہیں بلکہ عدل و انصاف پر مبنی اصولوں سے بنتا ہے، تحریک انصاف کے چئیرمین کا اسلام آباد میں یوم تشکر جلسہ سے خطاب

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 30 جولائی 2017 23:34

سپریم کورٹ فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ،عمران خان، ججز نے ہمیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30جولائی۔2017ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ججز نے ہمیں سڑکوں پر نہ جانے اور عدالت آنے کا کہا،سپریم کورٹ کے فیصلے نے میرے خوابوں کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں یوم تشکر کے جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے سیاسی کزن طاہر القادری نے ہمارے عدالت جانے کو بڑی غلطی کہا تھا،عدالت نے قوم کو امید دی ہے،میں سپریم کورٹ کےپانچوں ججز اور جے آئی ٹی ارکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے جلسے کے شرکاء کو نئے پاکستان کا میچ جیتنے کی خوشخبری دی اور کہا کہ ابھی میچ جاری ہے، آخری گیند پر کھیل ختم ہوگا ،نیا پاکستان انڈر پاس ،میٹرو بس سے نہیں بلکہ عدل و انصاف پر مبنی اصولوں سے بنتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھاکہ دنیا بھر کی این جی اوز پاکستان آکر خواتین کو حقوق سے آگاہ کرتی تھیں، میں دھرنے کے وقت سے پاکستان کی خواتین کو دیکھ رہا ہوں وہ سیاسی طور پر متحرک ہیں،وہ ایک عظیم قوم بنانے میں شریک ہیں،میری سیاسی تربیت بھی میری والدہ شوکت خانم نے کی،وہ ملک کا درد رکھتی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں چار گھنٹوں سے کارکنوں کا جنون دیکھ رہا ہوں،عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں،نئے پاکستان میں اصلاحات کریں گے،ایسا نظام لائیں گے کہ ملک میں غریب نہیں ملیں گے،یہاں زکوٰۃ دینے والے ہوں گے لینے والا کوئی نہیں ہوگا ۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ کوئی کرپشن نہیں کرسکے گا ،کوئی ٹیکس چوری نہ کرسکےگا ،ہم احتساب کا مضبوط سسٹم بنائیں گے،عوام کے پیسے کی قدر کریں گے۔عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہیلتھ انشورنس پروگرام لانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے غریب کا 5روپے تک کا علاج مفت ہوگا ، کے پی میں ڈیڑھ لاکھ بچے نجی تعلیمی اداروں سے سرکاری اسکولوں میں واپس آئے ۔