پھلیلی پریٹ آباد کی سڑکیں اور راستے نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے تالاب کامنظر پیش کررہی ہیں، رکن سندھ اسمبلی راشد خلجی

صوبائی حکومت پھلیلی پریٹ آبادکے عوام کو مشتعل کرنا چاہتی ہے اور شہر میں انارکی پھیلانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے

اتوار 30 جولائی 2017 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2017ء) ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی راشد خلجی نے کہا ہے کہ پھلیلی پریٹ آباد کی سڑکیں اور راستے نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے تالاب کامنظر پیش کررہی ہیں جبکہ بے حس حکمران اور ان کے کرپٹ افسران عوامی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں، صوبائی حکومت پھلیلی پریٹ آبادکے عوام کو مشتعل کرنا چاہتی ہے اور شہر میں انارکی پھیلانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر وایم پی اے راشد خلجی نے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شور اور ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ذیلی ادارے واسا کی نااہلی کی بدولت حیدرآباد شہر کے گنجان علاقہ پھلیلی پریٹ آباد میں کئی دنوں سے جمع سیوریج کاپانی عوام کو اذیت اور بیماریوںمیں مبتلاکرنے کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہاکہ واسا کی ہٹ دھرمی کے باعث پھلیلی پریٹ آباد میںکاروباری اور نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے گندہ پانی گھروںاور دوکانوں میں داخل ہورہا ہے قیمتی سامان تباہ ہوچکا ہے اس کے باوجود صوبائی وزیرجام خان شورواور ان کے منظورنظر افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، انہوں نے کہاکہ عوامی حکومت کے دعوائے دار عوام دشمن اقدامات کررہے ہیں جس کامنہ بولتاثبوت یہ ہے کہ حیدرآبادکوگندے پانی میں ڈبو دیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ بے حس صوبائی حکومت پھلیلی پریٹ آبادکی عوام کو مشتعل کرنا چاہتی ہے اور شہر میں انارکی پھیلانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہاکہ حیدرآباد شہر ٹیکس دینے والے شہر وں میں سے ایک اہم شہر ہے بلکہ سندھ میں کراچی کے بعدسب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے اور اس شہر سے تعصب برتنے والے حکمران یقیناسندھ باالخصوص شہری علاقوںکے دشمن ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر جام خان شور و حیدرآباد شہر سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ہی اس شہر پر رحم کریں اور عوام کو نکاسی و فراہمی آب کے مسائل سے نجات دلوائیںیہ ہی سندھ کی اصل خدمت ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :