کمپنیاں اور ٹینکر مافیا قوانین پر عملدرآمدکے لیے قیامت تک کی مہلت چاہتے ہیں انسانی جانوں کی کسی کوپرواہ نہیں ، حافظ طاہر مجید

اوگرااس مافیاکے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ناجائزمطالبات کے آگے ڈھیرہوگئی ہے اور انھیں انسانی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی

اتوار 30 جولائی 2017 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2017ء)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہرمجیدنے کہاہے کہ آئل کمپنیاں اور ٹینکر مافیاانسانی جانوں سے کھیل رہی ہیں کمپنیاں اور ٹینکر مافیا قوانین پر عملدرآمدکے لیے قیامت تک کی مہلت چاہتے ہیں انسانی جانوں کی کسی کوپرواہ نہیں ہے، اوگرااس مافیاکے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ناجائزمطالبات کے آگے ڈھیرہوگئی ہے اور انھیں انسانی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، احمدپورشرقیہ میں 225انسان لقمہ ء اجل بن گئے جبکہ اس کے بعد بھی آئے روزآئل ٹینکر الٹنے کے حادثات معمول بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں حافظ طاہر مجید نے کہاکہ حفاظتی اقدام کے بغیر آئل سے بھرے ٹینکر سڑکوں پررواں دواں موت لیے پھررہے ہیں انھیں روکنے ٹوکنے والاکوئی نہیں ہے ،باحفاظت آئل فراہم کرناآئل کمپنیوں کی ذمہ داری ہے لیکن کمپنیاں پیسے بچانے کے لیے غیرمعیاری ٹینکر استعمال کررہی ہیں جن میں سیفٹی اصولوں کاخیال نہیں رکھاجاتا،انہوں نے کہا کہ نجی اورناقص ٹینکروں کے باعث آئے روزٹینکر الٹنے کے حادثات معمول بن گئے ہیں ٹینکرز الٹنے کے نتیجے میں ہزاروں لٹرتیل بہنے لگتاہے آبادی قریب اورآگ بھرک اُٹھنے سے احمدپورشرقیہ جیسادلدوزسانحہ رونماہوسکتاہے، انہوں نے کہا کہ آئل اینڈگیس ریگولیٹراتھارٹی (اوگرا) نے غیرمعیاری ٹینکروں کے خلاف ایکشن لیاتھالیکن ٹینکر مافیانے اوگراکی ہدایت تسلیم ہی نہیں کی اوراوگراکوجھکنے پرمجبورکردیاجس سے عوام میں شدیدعدم تحفظ پایاجاتاہے حتیٰ کہ ٹینکر ڈرائیور ،کنڈیکٹر،کلینرکی زندگیاں دائوپرلگی ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیاں اورٹینکر مافیاگٹھ جوڑ نے عوام کی زندگیاں دائوپر لگادی ہیں جس پر اوگرااورحکومت نے مکمل چپ سادھ لی ہے، عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ اوگراعوام کے جان ومال کومحفوظ بنانے کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمدکرائیں۔