مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں ،مظاہروں کا سلسلہ جاری

چوہدری عبد الغفور ،خواجہ احمد حسان ،مسز تنویر چوہدری کی قیادت میں مختلف مقامات پر ریلیاں ،تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا ،کارکن نعرے لگاتے رہے کیا ملک سے اندھیرے دور کرنا ،دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ، سی پیک نواز شریف کا جرم ہی ،اگر ایسا ہے تو بیس کروڑ عوام اس میں برابر کے شریک ہیں جب آپ امریکہ کے مفاد کے خلاف کام کریں گے تو آپ کو قیمت چکانی پڑتی ہے ،نواز شریف کو عوا م کے دلوں سے باہر نہیں نکالا جا سکتا چوہدری عبدا لغفور، خواجہ احمد حسان، بلال یاسین، میاں عثمان ،مسز تنویر چوہدری، سیف الملوک کھوکھر و دیگر کا خطاب

اتوار 30 جولائی 2017 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2017ء) مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ،سابق صوبائی وزیر چوہدری عبد الغفور ،وزیر اعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان ،صوبائی رہنما میاں عثمان ،خواتین ونگ کی نائب صدر مسز تنویر چوہدری کی قیادت میں مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئی جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ،وزیر خوراک بلال یاسین ،اراکین اسمبلی سیف الملوک کھوکھر ، میاں ماجد ظہور کی طرف سے تقریبات کا انعقاد کیا گیاجس میں شریک کارکن اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

چوہدری عبد الغفور نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں نوازشریف کا نام آگ بجھانے اور عمران خان کا نام آگ لگانے والوں میں لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو پاکستان اورعوام سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ پاکستان کی فوج پاکستان اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔ 2018 میں اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں پیش کریں گے اور دو تہائی اکثریت سے نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پاکستان کو انتشار سے بچانا چاہتی ہے۔ کیا ملک سے اندھیروں کو دور کرنا ،آپریشن ضرب عضب ، آپریشن رد الفساد ، سی پیک کا منصوبہ ،کراچی کی روشنیاں بحال کرنا نواز شریف کا جرم ہے اگر یہی نواز شریف کا جرم ہے تو پاکستان کے بیس کروڑ عوام اس میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے دھتکارے ہوئے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہیں اور عمران خان کے لئے یہی سزا کافی ہے ۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی طرف سے حلقہ این اے 120میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی جو اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ بلال یاسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ امریکہ کے مفاد کے خلاف کام کریں گے تو آپ کو قیمت چکانی پڑتی ہے ۔ نواز شریف نے اپنے ہر دور میں قیمت چکائی ہے ۔پہلے بھی ملکی مفاد کے خلاف سودے بازی نہیں کی اور آئندہ بھی نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ہمارے دوست نما دشمنوں کو بھی یہ بات ہضم نہیں ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان کی قیادت میں یوسی 81کے دفتر سے جی اوآرون تک ریلی نکالی گئی۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یہ کیسا فیصلہ ہے جس پر زندگی کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص اس پر حیرانی کا اظہار کر رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف کروڑوں عوام کے دلوں میں بستے ہیں اس طرح کے متنازعہ فیصلوں سے نواز شریف کو عوا م کے دلوں سے باہر نہیں نکالا جا سکتا ۔ رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے دفتر می بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نواز شریف سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن)خواتین ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز تنویر چوہدری کی زیرقیادت لیگی خواتین نے لاہور پریس کلب کے باہر نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی ۔

خواتین نے نواز شریف کی تصاویر والے پوسٹرز اور ان کے حق میں نعروں پر مبنی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما میاں عثمان کی طرف سے وزیر اعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ میاں عثمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔موجودہ حکومت نے چار سالوں میں جس قدر کام کئے ہیں ماضی کی کسی حکومت میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔