Live Updates

عمران خان نواز شریف کی نا اہلی پر جشن منانے کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریںِِِِ، امیر حیدر ہوتی

ہفتہ 29 جولائی 2017 19:49

عمران خان نواز شریف کی نا اہلی پر جشن منانے کی بجائے اپنے مستقبل کی ..
صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہو تی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نا اہلی پر عمران خان جشن و خوشیاں منانے کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں کیونکہ کل عمران خان بھی اسی طرح جرم میں سزا ء کا مستحق ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع سلیم خان میں سابق یو سی ناظم غلام جان کے ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے موقع پر کیا جس سے صوبائی سیکرٹری جنرل سر دار حسین بابک ، ضلعی صدر امیر الرحمن ، جنرل سیکرٹری حاجی محمد اسلام خان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اشفاق ایڈوکیٹ دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

امیر حیدر خان ہو تی نے کہا کہ جوں جوں عام انتخابات قریب آرہے ہیں تو صوبہ خیبر پختونخوا میں کوئی گیس کا پائپ لائن کندھے پر اُٹھا کر بچھانے اور کوئی ٹرانسفرمر لا کر عوام کا سامنا کر رہے ہیں حالانکہ اپنے چار سالہ دور حکومت کے دوران یہ حکومتی لوگ عوام کو نظر ہی نہیں آتے لیکن میں پی ٹی آئی سمیت تمام مخالف سیاسی جماعتوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ الیکشن 2018کے انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عوامی مینڈیٹ سے اس صوبے میں آئندہ حکومت اے این پی کی ہو گی اسی طرح قومی اسمبلی میں بھی واضح اکثریت حاصل کرنے کی صورت میں کوئی بھی سیاسی جماعت اے این پی کے بغیر مرکز میں حکومت نہیں بنا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب جو حالات اور پاکستان کا نقشہ سامنے آرہا ہے ایسے حالات میں پختون قوم کا اتحاد و اتفاق انتہائی ضروری ہے اس لئے پختونوں کو بھی چاہئے کہ وہ صوبے میں پختون قیادت کو سپورٹ کریں اور اس کے لئے اسفند یار ولی خان کی قیادت میں صرف اور صرف عوامی نیشنل پارٹی ہی ایک اُصولی پلیٹ فارم ہے ماضی میں ہمیشہ پختونوں نے دیگر صوبوں کے سیاستدانوں کو سپورٹ کر کے مسلط کیا گیا مگر اب پختون عوام مزید دھوکہ نہیں کھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اور فاٹا کے حوالے سے ہمارا موقف بلکل واضح اور اُصولی ہے سی پیک کے منصوبے میں اپنے حق کے اُصول اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے لئے عملی کر دار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں اخباری اعلانات تک منصوبے منظر عام پر لائے ہیں جب کہ ہماری حکومت نے صحت ، تعلیم ، ایریگیشن ، مواصلات اور دیگر شعبوں میں جو کام کئے ہیں اتنے کام ساٹھ سالوں میں کسی بھی حکومت نے نہیں کئے تھے اور عوام نے اس حوالے سے اچھی طرح موازنہ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی آج بھی ہمارے پرانے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں لیکن ان کے عزائم جان چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات