Live Updates

شاہد خاقان عباسی 45 دن کیلئے عبوری وزیراعظم نامزد ، باضابطہ اعلان جلد کیا جائیگا

مستقل وزیراعظم کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی ، تمام پارٹی ارکان متفق والد کی وفات کے بعد شاہد خاقان عباسی کو سیاسی میدان میں اترنا پڑا ، مری اور کہوٹہ نشست سے سابق وزیر قانون اور تحریک انصاف کے موجودہ رہنما بابر اعوان کو شکست دی،1990 میں پارلیمانی سیکرٹری مقرر ہوئے ،شاہد خاقان عباسی نے ملک میں گیس بحران کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا‘ ایل این جی منصوبے کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کی‘ سابق وزیراعظم نواز شریف ہمیشہ ان کی کاوشوں کے معترف رہے، ایل این جی منصوبہ کی تکمیل سے بجلی بحران پر قابو پانے میں مدد ملی، 3600 میگاواٹ کے ایل این جی منصوبے لگائے گئے جن میں سے 3 نے کام شروع کر دیا ہے، ایک منصوبے کا افتتاح 31جولائی کو نواز شریف نے کرنا تھا اب افتتاح وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شاہد خاقان عباسی خود کریں گے

ہفتہ 29 جولائی 2017 17:44

شاہد خاقان عباسی 45 دن کیلئے عبوری وزیراعظم نامزد ، باضابطہ اعلان جلد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جولائی2017ء) مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے سابق وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کو 45 دن کیلئے عبوری وزیراعظم نامزد کردیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد کر دیا جائے گا جبکہ مستقل وزیراعظم کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ با خبر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت ایک غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد عبوری اور مستقل وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، راجہ ظفر الحق، چوہدری نثار علی خان، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، بیرسٹر ظفر اللہ،رانا تنویر سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، رانا تنویر حسین، شیخ آفتاب احمد کے ناموں پر غور کیا گیا اور اتفاق رائے سے عبوری وزیراعظم کیلئے شاہد خاقان عباسی کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے سینئر اور نواز شریف کے با اعتماد ساتھیوں میں شمار کئے جاتے ہیں، ان کے والد خاقان عباسی 1985 میں سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کی حکومت میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار تھے اور 1988 میں اوجڑی کیمپ کے سانحے میں وہ شہید ہو گئے تھے، اس وقت شاہد خاقان عباسی امریکہ میں زیر تعلیم تھے، اپنے والد کی وفات کے بعد شاہد خاقان عباسی کو سیاسی میدان میں اترنا پڑا اور انہوں نے آزاد حیثیت میں مری اور کہوٹہ کی نشست سے سابق وزیر قانون اور تحریک انصاف کے موجودہ رہنما بابر اعوان کو شکست دی، بابر اعوان اس وقت مسلم لیگ اور آئی جے آئی کے ٹکٹ پر امیدوار تھے،1990 میں شاہد خاقان عباسی دوبارہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور انہیں پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا، 1993 میں بھی وہ بھاری اکثریت سے اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے، 1997 کی حکومت میں شاہد خاقان عباسی کو پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کیا گیا اور انہوں نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے اہم اقدامات بھی کئے،12اکتوبر 1999 کو جب جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف کے عہدے سے ہٹایا گیا اور ان کا طیارہ سری لنکا سے آتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ آ رہا تھا جس کا رخ موڑ کر نواب شاہ کی طرف بھجوایا گیا تاہم اسی دوران نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور جنرل(ر) پرویز مشرف کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا ، شاہد خاقان عباسی کو فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے حکم پر گرفتار کیا گیا اور انہیں لانڈھی جیل میں قید رکھا گیا اور ان پر مختلف مقدمات بنائے گئے تاہم انہوں نے ثابت قدمی اور جرات مندی کا مظاہرہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بے وفائی نہیں کی، 2002کے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی الیکشن ہار گئے تھے، اور پیپلز پارٹی کے مرتضی ستی کامیاب ہوئے تھے تاہم 2008اور 2013کے انتخابات میں بھی وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر این اے 50 مری سے منتخب ہوئے تھے شاہد خاقان عباسی کو 2013 میں پٹرولیم و قدرتی وسائل کا وفاقی وزیر بنایا گیا اور انہوں نیملک میں گیس بحران کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا اور ایل این جی منصوبے کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کی اور ان کی ان کاوشوں کے سابق وزیراعظم نواز شریف ہمیشہ معترف رہے، ایل این جی منصوبہ کی تکمیل سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مدد ملی اور 3600 میگاواٹ کے ایل این جی کے منصوبے لگائے گئے جن میں سے 3 نے کام شروع کر دیا ہے اور ایک منصوبے کا افتتاح 31جولائی کو نواز شریف نے کرنا تھا جس کا اب افتتاح وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شاہد خاقان عباسی خود کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے باضابطہ سیاست کا آغاز 1988 میں اپنے والد کی وفات کے بعد کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے 1988 سے 2013 تک 7 بار جنرل الیکشن میں حصہ لیا جس میں 6 بار کامیاب ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی نے اپنی ابتدائی تعلیم لارنس کالج مری سے حاصل کی جبکہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لانس اینجلس سے حاصل کی، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، شاہد خاقان عباسی نے اپنی تعلیم مکمل ہونے کے بعد امریکہ میں مختلف اداروں میں الیکٹریکل انجینئرنگ فیلڈ میں خدمات سرانجام دیں، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی سعودی عرب میں آئل فیلڈ میں بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔

شاہد خاقان عباسی 27دسمبر 1997سے 2اکتوبر 1999تک پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے چیئرمین،31مارچ2008سے 13مئی 2008تک وزیر کامرس اور دفاعی پیداوار بھی رہے۔شاہد خاقان عباسی 1990میں پارلیمانی سیکرٹری دفاع، 1993میں قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین بھی رہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات