دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے، ڈی سی سرگودھا

ہفتہ 29 جولائی 2017 16:46

دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے، ڈی سی سرگودھا
سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے۔ پنجاب حکومت سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کی صحت سہولیات کیلئے غیر معمولی فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ صحت کے 51 ہیلتھ پروفیشنلز میں بیس لاکھ روپے سے زائد رقم بطور صحت خدمت ایوارڈتقسیم کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی بہترین کارکردگی کے لحاظ سے یہ ایوارڈ ڈاکٹرز سمیت دیگر تمام شعبوں کے ملازمین کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹر ز اور ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیںجو اپنے فرائض بطور پروفیشنل نہایت محنت ،لگن اور جانفشانی سے ادا کر کے محکمہ اور اپنے ادارہ کی عزت افزا ئی میں اضافہ کا باعث بنے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر ملازمین کو بھی اسی جذبے سے اپنے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے۔

حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے غیر معمولی فنڈز مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی طرف سے مہیا کردہ فنڈز کے استعمال کے ذریعے لوگوں کوصحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عرفان فرید،چیف ایگزیکٹو ڈاکٹرنصرت ریاض ،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چوہدری ، محمد عرفان بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔