سی پیک صرف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نام نہیں ،یہ ترقی و خوشحالی کا روشن سفر ہے ‘ عرفان دولتانہ

ہفتہ 29 جولائی 2017 14:34

سی پیک صرف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نام نہیں ،یہ ترقی و خوشحالی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے،شفافیت اور میرٹ ہماری حکومت کے بنیادی ستون ہیں،پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے نئی جہت عطا کی ہے،چین کی حیران کن ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے،سی پیک کے باعث پاکستان میں ترقی کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے سی پیک کا عظیم تحفہ ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔سی پیک کے بے پناہ فوائد سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔بعض عناصر سی پیک کے عظیم تحفے سے پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

یہ عناصر سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

سی پیک آگے بڑھے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔انہوںنے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک کے لاتعداد ثمرات سے مستفید ہوں گے۔سی پیک صرف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نام نہیں بلکہ یہ ترقی و خوشحالی کا وہ روشن سفر ہے جس سے پورا خطہ فائدہ اٹھائے گااوراس عظیم الشان منصوبے کے ثمرات مستقبل کے روشن سفر کو مزید تیز کریں گے جس سے علاقائی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ چین نے انڈسٹریل پارکس کے قیام کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔پنجاب حکومت انڈسٹریل پارکس خصوصاً گارمنٹس انڈسٹریل زون کے قیام کے حوالے سے چین کے اس تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے چین کے بے پایاں تعاون پر چینی قیادت، حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔سی پیک کے تحت توانائی کے شعبہ میں چین کی 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی کوئی مثال نہیں ملتی۔بجلی تیز رفتار معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اورکئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔انہوںنے کہا کہ چین کے صدر کا اینٹی کرپشن کا ویژن انتہائی شاندار ہے۔

متعلقہ عنوان :