70ویں جشن آزادی پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کی عمارتوں پر’’میں ہوں پاکستان‘‘ کا لوگو نمایاں طورپرآویزاں کیاجائیگا‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

ہفتہ 29 جولائی 2017 14:34

70ویں جشن آزادی پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کی عمارتوں پر’’میں ہوں پاکستان‘‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کے لئے محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت مجتبی شجاع الرحمن کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔سیکرٹری اطلاعات پنجاب جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری محمد شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل ، پنجاب کونسل آف دی آرٹس ، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹس اینڈ کلچر ، ڈائریکٹر لاہور میوزیم لاہور ، ڈائریکٹر باب پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروںکے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے جاری انتظامات بارے اجلاس کوبتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے ماتحت تمام منسلک اداروں کی عمارتوں پر ’’ میں ہوں پاکستان ‘‘ کا لوگو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور آرٹس کونسل تحریک پاکستان اور جدوجہد آزادی کی تاریخی خدمات اور قربانیوںکی یادگاروں پر مبنی فلوٹ تیار کررہا ہے جس میں تحریک پاکستان سے متعلقہ تاریخی اشیاء کو اجاگر کیا جائے گا۔

یہ فلوٹ یوم آزادی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کی تمام اہم شاہراہوں سے گزارا جائے گا۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس اپنا تیار کردہ ثقافتی فلوٹ یوم آزادی کے موقع پر صوبہ بلوچستان میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھجوائے گا جس میں صوبہ پنجاب کی رنگا رنگ اور تاریخی ثقافت کی عکاسی بھرپور انداز میں کی جائے گی۔یوم آزادی کے موقع پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کے صوبہ بھر کے ڈویژنل و ضلعی دفاتر کے افسران و ملازمین ماہ اگست میں پاکستانی پرچم کے بیجزلباس پرآویزاں کریں گے۔

یوم آزادی پرتمام اداروں کی عمارات پر چراغاں ہوگا۔پر چم کشائی کی تقریبات کے علاوہ آزادی واک، سیمینارز، مشاعرے ، ملی نغمے ، جدوجہد آزادی پر مبنی ڈرامے ، تصاویری نمائش، لوک گیت و لوک رقص فیسٹیول ، مصوری کے مقابلے ، ایف ایم 95پر خصوصی جشن آزادی ٹرانسمیشن محکمہ اطلاعات و ثقافت کے رنگا رنگ پروگراموں میں شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :