نوازشریف کی نااہلی آئین وقانون کے مطابق ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوئی ، چودھر ی محمد یاسین

ہفتہ 29 جولائی 2017 14:24

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی آئین وقانون کے مطابق ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوئی ۔ ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو میثاق جمہوریت سے رو گردانی کی سزا ملی ہے ۔

(جاری ہے)

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سالوں قبل اس بات کی پیشگوئی کردی تھی کہ ایک وقت آئے گا نوازشریف روئیں گے ، مجھے اور میرے والد کو یاد کریں گے ۔ آج شہید بے نظیر بھٹو کی پیشگوئی پوری ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری نظام کی بقاء کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کی ہے پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں اپنی حکومتیں قائم کر ے گی ۔ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال کر ملک کو ترقی کی جانب لے کر جائیں گے یہی وجہ ہے کہ ملک کے طول وعرض سے لوگ جوق درجوق پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔