نواز شریف کی نااہلی سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، چین

پاک چین دوستی سدابہار اور ہر دور میں آزمائی ہوئی ہے، ترجمان چینی وزارتِ خارجہ لٴْو کانگ کا بیان

ہفتہ 29 جولائی 2017 13:28

نواز شریف کی نااہلی سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، چین
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) چین نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوں گے،پاک چین دوستی سدابہار اور ہر دور میں آزمائی ہوئی ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لٴْو کانگ نے گزشتہ روز سپریم کورٹ سے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی پر سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا ’’اندرونی معاملہ‘‘ ہے اور اس فیصلے سے دیرینہ پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

لٴْو کانگ کا کہنا تھا کہ ایک دوست پڑوسی کی حیثیت سے چین کو امید ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں اور تمام طبقات اپنے قومی و ملکی مفادات کی درست ترجیحات کے تعین، اندرونی معاملات کو موزوں طور پر سنبھالنے، اتحاد و استحکام برقرار رکھنے، اور معاشی و معاشرتی ترقی پر توجہ رکھنے کے قابل ہیں۔چینی وزارتِ خارجہ کا مؤقف دیتے ہوئے لٴْو کانگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ اس اندرونی سیاسی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوگا کیونکہ پاک چین دوستی سدابہار اور ہر دور کی آزمائشوں میں ثابت شدہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ منصوبے پر کام جاری رکھنے کیلیے چین بالکل تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :