خدیجہ صدیقی کیس ، مجرم شاہ حسین کو سات سال قید کی سزا سنا دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 29 جولائی 2017 11:11

خدیجہ صدیقی کیس ، مجرم شاہ حسین کو سات سال قید کی سزا سنا دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2017ء): خدیجہ صدیقی کیس کے مرکزی مجرم شاہ حسین کو سات سال قید کی سزا دنا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی ایک مقامی عدالت نے خدیجہ صدیقی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ساتھی طالبہ پر چاقو کے وار کرنے والے بااثر شخصیت کے صاحبزادے شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنادی ۔ عدالت نے مجرم کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایک سال قبل لاہور میں لاء کی طالبہ خدیجہ صدیقی پر اس کے ہم جماعت شاہ حسین نے خدیجہ کی چھوٹی بہن کے سامنے چاقو کے پے در پے وار کیے۔ مجرم نے خدیجہ پر خنجر کے 23 وار کیے جس سے خدیجہ شدید زخمی ہوئی تھیں۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدیجہ صدیقی نے کہا کہ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ مجھے صرف اپنے اوپر کیے گئے خنجر کے 23 وار کا حساب لینا تھا۔ خدیجہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے موت کے منہ سے نکالا ہے۔کیس میں جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا میں ان سب کی شکر گزار ہوں۔