نوازشریف کی نااہلی کو چین اور امریکا نے پاکستان کا اندرونی معاملہ قراردیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 29 جولائی 2017 11:10

نوازشریف کی نااہلی کو چین اور امریکا نے پاکستان کا اندرونی معاملہ قراردیدیا
بیجنگ/واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جولائی۔2017ء) چین اور امریکا نے نواز شریف کی بطور وزیر اعظم نااہلی کوپاکستان کا اندرونی معاملہ قرار د یا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون پاکستان کی اندرونی صورتحال میں تبدیلی سے متاثر نہیں ہوگا۔چین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی بطور وزیر اعظم نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیر اعظم کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔تاہم بطور دوستانہ اور پڑوسی ملک ہونے کی حیثیت سے چین کو امید ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں اور طبقات ملکی مفاد کو ترجیح دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین امید رکھتا ہے کہ پاکستان کے تمام نمائندہ اداراے اور لوگ اپنے اندرونی معاملات کا خوش اسلوبی سے سامنا کریں گے۔

آپس میں اتحاد اور استحکام قائم رکھیں گے اور ملک کی اقتصادی اور سماجی ترجی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، جبکہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون پاکستان کی اندرونی صورتحال میں تبدیلی کی وجہ سے متاثر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہ چین پاکستان کے ساتھ اب بھی ‘ون بیلٹ ون روڈ’ کا مشترکہ منصوبہ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

جو دونوں ممالک سمیت خطے میں خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔ امریکا نے بھی نوازشریف کی نااہلی کو اندرونی معاملہ قراردیتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی تو ہم اقتدار کی ہموار منتقلی کے خواہش مند ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے رواں ہفتے جنوبی ایشاءاور وسطی ایشائی امور کے لیے قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ الیس ویلز کو ہندوستان اور پاکستان کے تعارفی دورے پر بھیجنے کا اعلان کیا گیا۔

حالیہ سیاسی بحران میں اسلام آباد حکومت کو خارجہ پالیسی سے متعلق صرف اسی اہم معاملے کو ہی نہیں دیکھنا، بلکہ ورلڈ بینک ہیڈکوارٹرز میں ہندوستان سے مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم کو بھی واشنگٹن بھیجنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاناما کیس فیصلے کے حوالے سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ محتاط ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ جنوبی ایشیاءکے حوالے سے ایک نئی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہے اور سینئر امریکی حکام کا ماننا ہے کہ اس نئی پالیسی میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔