نواز شریف کی نا اہلی ، نیا وزیر اعظم کون ہو گا؟ ناموں پر غور شروع

45 دن کی وزارت عظمیٰ کے لیے شاہد خاقان عباسی کا نام سر فہرست

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 29 جولائی 2017 10:59

نواز شریف کی نا اہلی ، نیا وزیر اعظم کون ہو گا؟ ناموں پر غور شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2017ء) : سپریم کورٹ سے گذشتہ روز پانامہ لیکس کیس میں نواز شریف کی نا اہلی کا حکم اور الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے نواز شریف کی نا اہلی کے نوٹی فکیشن کے بعد سے مسلم لیگ ن کی قیادت سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔ مسلم لیگ ن آج وزارت عظمیٰ کے لیے ناموں پر غور کرے گی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق 45 دن کی وزارت عظمیٰ کے لیے شاہد خاقان عباسی کا نام سر فہرست ہے ۔

جبکہ رانا تنویر کا نام بھی عبوری وزیر اعظم کے لیے تیار کی گئی فہرست میں شامل ہے۔ رانا تنویر کو نواز شریف کا قریبی دوست سمجھا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل خواجہ آصف اور احسن اقبال کا نام عبوری وزیر اعظم کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن رواں ہفتے کے شروع میں ہی ان دونوں رہنماؤں کے اقامے سامنے آئے جس پر انہیں عبوری وزیر اعظم نہ بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کو پارٹی  کے نئے قائد اور ملک کے وزیر اعظم سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے آج کی شام کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ آج شام نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں پارٹی کے نئے قائد اور عبوری وزیر اعظم کے لیے ناموں پر غور کیا جائے گا۔