توانائی منصوبو ں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت و امانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے،شہبازشریف

پنجاب میں 1200میگاواٹ کانیا منصوبہ ملک کی ضروریات اورمستقبل میں توانائی کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر بنایاگیا ہے توانائی منصوبے پاکستان کی ترقی ہخوشحالی کے منصوبے ہیں، تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے،وزیراعلی

جمعہ 28 جولائی 2017 21:34

توانائی منصوبو ں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت و امانت اور جہد مسلسل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا ا جلاس منعقد ہوا ، جس میںپنجاب میں 1200میگاواٹ کے نئے گیس منصوبے کے امور کا جائزہ لیاگیا،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئی1200میگاواٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیاہے اوربجلی کایہ منصوبہ ملک کی ضروریات اورمستقبل میں توانائی کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر بنایاگیا ہے ،اس منصوبے سے حاصل ہونیوالی بجلی عوام کو سستی ملے گی۔

بروز جمعہ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور ہم نے تیزی سے اس منصوبے کے امور طے کر کے آگے بڑھنا ہے، توانائی کے کئی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کیے گئے ہیں اور بعض منصوبوں پر دن رات کام ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور توانائی منصوبو ں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔

3600میگاواٹ کے گیس منصوبوں میں 168 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے جبکہ 1320 میگاواٹ کاساہیوال کول پاور پلانٹ ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیاہے۔ اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم وقت میں چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ توانائی منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اوران منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے 20کروڑ عوام کو فائدہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں ایسے بڑے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے کوئی مثال موجود نہیں ہے جس سے براہ راست عام آدمی کو فائدہ پہنچتا ہو۔ اجلاس کے دوران جرمن ماہرین نے نئے گیس پاور پراجیکٹ کے لئے پیشہ ورانہ انداز میں تکنیکی معاونت مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ معیار اوررفتارکو مدنظر رکھ کر منصوبے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ جرمن ماہرین کے وفد کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹربرنارڈسٹیبل ( Mr.Bernhard Stabel)کررہے تھے۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیئرمین پنجاب تھرمل پاورکمپنی، سیکرٹری توانائی،متعلقہ حکام اور جرمن ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :